چھتیس گڑھ حکومت تبدیلی مذہب پرایک نیا قانون لا رہی ہے :سائی

   

رائے پور 27جولائی (یواین آئی) چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ وشنو دیو سائی نے آج شادانی دربار میں منعقدہ ہندو قومی کنونشن میں کہا کہ ریاست میں ہر روز کسی نہ کسی جگہ سے تبدیلی مذہب کی خبریں آرہی ہیں، جس کی وجہ سے ہماری حکومت تبدیلی مذہب پر نیا قانون لانے جا رہی ہے ۔ سائی نے بتایا کہ نئے قانون کا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے جسے اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے کنونشن میں کہا کہ ریاست میں سڑکوں پر کوئی گائے نظر نہیں آنی چاہئے اور اس کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست میں 125 رجسٹرڈ گاؤ شیلٹر ہیں، جنہیں پانچ لاکھ سے بڑھا کر 25 لاکھ روپے کی امداد دی جارہی ہے ۔ شہری علاقوں میں گائے کے شیلٹر بھی بنائے گئے ہیں اور ہدایات دی گئی ہیں کہ سڑکوں پر مویشی نظر نہ آئیں۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ جب گائے دودھ دینا بند کر دیتی ہے تو اسے سڑکوں پر چھوڑ دیا جاتا ہے ، یہ صورتحال ٹھیک نہیں ہے ، ہندو بھائیوں کو اس طرف توجہ دینا ہوگی۔

چھتیس گڑھ میں نکسلیوں کی تین یادگاریں منہدم کر دی گئیں
دنتے واڑہ27جولائی (یواین آئی) چھتیس گڑھ میں دنتے واڑہ کے مالیواہی تھانہ علاقہ کے کہچنار علاقہ میں آج پولس نے نکسلیوں کی تین یادگاروں کو منہدم کردیا۔معلومات کے مطابق ان میں سے دو یادگاریں لکڑی کی تھیں جبکہ ایک یادگار سیمنٹ اور کنکریٹ سے بنی تھی۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ کارروائی نکسلیوں کی طرف سے منائے جانے والے شہید ہفتہ 28 جولائی تا 3 اگست سے پہلے کی گئی ہے تاکہ علاقے میں نکسلیوں کی سرگرمیوں پر قابو پایا جا سکے ۔