کانگریس میں برقرار رہنے وینکٹ ریڈی کا اعلان
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چھوٹے بھائی کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے بی جے پی میں شمولیت کا امکان مسترد کرکے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ اگرچہ وہ ناراض ضرور ہیں لیکن تاحیات کانگریس میں برقرار رہیں گے۔ امیت شاہ سے ملاقات کے بعد وینکٹ ریڈی کی بی جے پی میں امکانی شمولیت کی خبریں سوشیل میڈیا میں گشت کرنی لگیں۔ ان کے چھوٹے بھائی رکن اسمبلی راجگوپال ریڈی نے باقاعدہ بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ وہ این ایس یو آئی اور یوتھ کانگریس سے سیاسی سفر کا آغاز کرکے اس مقام تک پہنچے ہیں۔ میں نے40 سال تک کانگریس کو اپنا خون اور پسینہ دیا اور آخری سانس تک پارٹی میں رہونگا۔ انہوں نے کہا کہ منگوڑ ضمنی چناؤ میں مہم کیلئے مدعو کیا جاتا ہے تو وہ غور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ میری درخواست کو مسترد کرکے مجھ سے جونیر کو صدر پردیش کانگریس مقرر کرنا باعث حیرت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اینٹی پارٹی کے کانگریس میں انضمام کی انہیں اطلاع نہیں دی گئی جبکہ پارٹی صدر کا تعلق ان کے لوک سبھا حلقہ سے ہے۔ میں سونیا اور راہول گاندھی سے ریاست میں پارٹی صورتحال پر بات کرونگا۔ر