چھوٹے بیوپاریوں کو بینکوں سے قرض فراہم کرنے کا مطالبہ

   

بودھن میں احتجاجی دھرنا، آر ڈی او کو یادداشت پیش

بودھن ۔ 25 اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بودھن شہر کے امبیڈکر چوراہا پر واقع دھرنا چوک پر آج کانگریس پارٹی کی محاذی تنظیم کام دار کرمچاری کانگریس کی جانب سے منعقدہ احتجاجی دھرنے سے احتجاج میں شریک قومی سطح کے قائد کے کے سی کیپٹن کروناکر ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا۔ کانگریس دور حکومت پر راہول گاندھی کی جانب سے پارلیمنٹ میں پیش کی گئی تجویز پر غیر منظم مزدوروں اور چھوٹے کاروبار کرنے والوں کے لئے حکومت کی جانب سے اپنے کام کاج و کاروبار کو بڑھانے بلا کسی ضمانت کے بینک سے دس ہزار روپے قرض فراہم کرنے ایک بل کو منظور کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سو چالیس کروڑ آبادی والے دیش میں تقریباً 70 کروڑ افراد بینکوں سے قرض کے حصول کے اہل ہیں لیکن چھوٹے کاروبار کرنے والے اس اسکیم سے لاعلمی کے باعث سود خور افراد کے ہاتھوں استحصال کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زرعی مزدوروں کو سال میں کم از کم ایک سو دن تک کام فراہم کرنے کانگریس دور حکومت میں ایک بل پارلیمنٹ میں منظور کیا گیا تھا۔ موجودہ مرکز کی بی جے پی سرکار غریب مزدوروں کے نام حذف کرکے انہیں نیم فاقہ کشی پر مجبور کررہی ہے۔ احتجاجی دھرنے کے اختتام پر کیپٹن کروناکر ریڈی لکشمن یادو خواجہ فیاض الدین وغیرہ کی قیادت میں ایک وفد دفتر آر ڈی او آفس پہنچا اور آر ڈی او راجیشور سے ملاقات کرکے انہیں چھوٹے بیوپاریوں کے مسائل سے واقف کرواتے ہوئے بینکوں سے قرض کی فراہمی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔