چہرے کے تاثرات پڑھنے والی سعودی عرب کی پہلی اسمارٹ سکیورٹی کار کی نمائش

   

ریاض: سعودی وزارت داخلہ نے عالمی دفاعی نمائش 2024 میں اپنے پویلین میں مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس پہلی الیکٹرک سیکیورٹی گاڑی کی نمائش کی۔ یہ مملکت میں لوسڈ کے ذریعہ تیار کردہ ہے۔یہ کار مصنوعی ذہانت کے نظام کیساتھ حفاظتی خلاف ورزیوں کی نگرانی کرتی ہے۔ اس میں ایسی ٹیکنالوجیز بھی شامل ہیں جو اسے ٹریفک کے ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والی گاڑیوں کی لائسنس پلیٹوں کو پہچاننے کے قابل بناتی ہیں۔ یہ مطلوب افراد کی شناخت بھی کر سکتی ہے اور اس میں لگے 6 کیمروں کے ذریعے چہرے کے تاثرات پڑھ کر ان کے رویے کا تعین کر سکتی ہے۔ اس میں ڈیٹا کا تجزیہ کرنے اور اسے کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو بھیجنے کی صلاحیت بھی ہے جو اسے سکیورٹی کے معیارا ور محفوظ ٹریفک کو بڑھانے کے قابل بناتا ہے۔ گاڑی کی چھت پر ایک ڈرون بھی ہے جو اڑ کر ان جگہوں کی تصویر کشی کر سکتا ہے جہاں مجرمانہ مسائل پیش آتے ہیں۔ مثال کے طور پرشوٹنگ کے واقعے کی صورت میں، ڈرون کو براہ راست لانچ کیا جا سکتا ہے تاکہ دور سے اس جگہ کی تصویر کشی کی جا سکے اور مطلوبہ ڈیٹا اکٹھا کیا جاسکے۔ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی سے لیس یہ الیکٹرک سیکیورٹی کار گذشتہ دسمبر میں جدہ کے کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں کھلنے والی لوسیڈ فیکٹری میں تیار کی گئی تھی۔