چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار فوری استعفیٰ دیں۔ مہیش کمار گوڑ

   

28 ستمبر کو ریاست بھر میں احتجاج کرنے کا اعلان، ٹینک بنڈ پر مہا دھرنا ، صدر پی سی سی کا بیان
حیدرآباد ۔ 26 ستمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے ووٹر لسٹ کی خصوصی جامع نظرثانی عمل کے طریقے اور سنٹرل الیکشن کمیشن کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ آج انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اس پورے عمل نے شروعات ہی سے عوام اور سیاسی جماعتوں کے ذہنوں میں کئی شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے اور خود الیکشن کمشنرس کے اندرونی اعتراضات نے کانگریس پارٹی کے لگائے گئے الزامات کو سچ ثابت کردیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی کو جہاں ضرورت پڑی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار نے ووٹ چوری کردی ہے۔ انہوں نے گیاننیش کمار کو فوری چیف الیکشن کمشنر کے عہدہ سے برطرف کردینے اور ان کے خلاف کریمنل کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس ہائی کمان کی ہدایت پر 28 ستمبر کو ریاست کے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرس پر بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کرنے کا اعلان کیا۔ اس سلسلہ میں ریاست کے تمام اضلاع کانگریس صدور کو احتجاجی پروگرام کو کامیاب بنانے کا حکم دیا گیا ہے۔ پارٹی کے تمام سینئر قائدین وزراء، ارکان اسمبلی، ارکان قانون ساز کونسل کے علاوہ پارٹی ورکرس کو بھاری تعداد میں شرکت کرتے ہوئے احتجاجی مظاہروں کو کامیاب بنانے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے ہر کونے سے الیکشن کمیشن کی غیرجانبدارانہ کارکردگی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ اسی لئے کانگریس پارٹی چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے فوری استعفیٰ کے بنیادی مطالبہ کے ساتھ اس تحریک کا آغاز کررہی ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ SIR کے پروسیس پر پیدا ہونے والے شکوک و شبہات جمہوریت کی روح اور اور شفافیت کیلئے انتہائی مہلک ہیں۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ 28 ستمبر کو صبح 10:30 بجے حیدرآباد کے ٹینک بینڈ پر واقع ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کے پاس ایک زبردست احتجاجی دھرنا منعقد کیا جائے گا۔ مہیش کمار گوڑ نے تمام جمہوریت پسندوں، شہری تنظیموں اور عوامی تحریکوں سے اپیل کی ہیکہ وہ الیکشن کمیشن کی مبینہ من مانی کے خلاف کانگریس کی طرف سے شروع کی گئی اس ملک گیر تحریک میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور اسے کامیاب بنائیں۔ H/M/2