چیف جسٹس این وی رمنا اپنے آبائی گاؤں میں ، جذباتی مناظر

   

سجی سجائی بیل گاڑی میں سفر ،گاؤں والے ملاقات کیلئے امنڈ پڑے
حیدرآباد۔24۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف جسٹس آف انڈیا کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد جسٹس این وی رمنا آج پہلی مرتبہ اپنے آبائی گاؤں پہنچے۔ آندھراپردیش کے کرشنا ضلع میں پونا ورم گاؤں پہنچنے پر جسٹس رمنا کا شاندار استقبال کیا گیا ۔ جسٹس رمنا کو شہر کے مضافاتی علاقہ سے گاؤں تک سجی سجائی بیل گاڑی کے ذریعہ جلوس کی شکل میں لے جایا گیا ، ان کے ہمراہ شریک حیات موجود تھیں۔ جاریہ سال اپریل میں چیف جسٹس سپریم کورٹ کے عہدہ کی ذمہ داری سنبھالنے کے بعد جسٹس رمنا پہلی مرتبہ اپنے آبائی گاؤں پہنچے ۔ گاؤں کی سرحد پر سینکڑوں کی تعداد میں عوام نے ان کا روایتی طریقہ سے استقبال کیا۔ جسٹس رمنا نے گاؤں کی مندر میں خصوصی پوجا کی ۔ سارے گاؤں میں جشن کا ماحول دیکھا گیا ۔ فنکاروں کی جانب سے روایتی رقص اور موسیقی کے ذریعہ جسٹس رمنا کا استقبال کیا گیا ، گاؤں والے جسٹس رمنا کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے بے چین تھے۔ ضعیف افراد کو یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ گاؤں کا بیٹا ملنے کیلئے آیا ہے۔ قبل ازیں ضلع کلکٹر ، سپرنٹنڈنٹ آف پولیس اور مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین نے گاؤں میں داخلہ سے قبل چیک پوسٹ پر جسٹس رمنا کا استقبال کیا۔ انہوں نے اپنے گاؤں میں چار گھنٹے گزارے اور رشتہ داروں اور دوست احباب سے ملاقات کی ۔ پولیس کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ۔ جسٹس این وی رمنا اپنے گاؤں پہنچنے پر انتہائی جذباتی دکھائی دے رہے تھے۔ انہوں نے اپنے بھائی کے گھر میں قیام کیا۔ ریاستی وزراء پی نانی ، پدی ریڈی کی قیادت میں ان کا استقبال کیا گیا۔ تروملا تروپتی دیوستھانم کے پنڈتوں نے آشیرواد دیا۔ اس موقع پر جسٹس رمنا نے کہا کہ جنم دینے والی ماں اور پیدائشی مقام کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا۔ راجو ماسٹر نے مجھے تعلیم دی اور گاؤں کا بیٹا دہلی پہنچ چکا ہے ، میںاپنے گاؤں والوں کا آشیرواد لینے کیلئے آیا ہوں۔ میں جہاں بھی جاؤں اپنے گاؤں کو بھلا نہیں پاوں گا۔ جسٹس رمنا نے اپنے والدین ، دوستوں اور اساتذہ سے وابستہ اپنی یادوں کو پیش کیا اور کہا کہ وہ کئی عوامی تحریکات میں حصہ لے چکے ہیں۔ جسٹس رمنا کے دورہ کے موقع پر سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ وہ اپنے گاؤں سے وجئے واڑہ کیلئے روانہ ہوگئے جہاں حکومت کی جانب سے ان کی استقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔ ر