چیف سکریٹری نے قومی پرچم کی مفت تقسیم مہم کا آغاز کیا

   

کاغذی پرچم چسپاں کرنے عوام سے کشن ریڈی کی اپیل
حیدرآباد۔/10 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آزادی کی 75 سالہ تقاریب کے ضمن میں تلنگانہ میں 1.2 کروڑ ترنگا تقسیم کئے جارہے ہیں تاکہ 15 اگسٹ کو ہر گھر پر لہرایا جائے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے حیدرآباد میں ایک شاپنگ مال پہنچ کر قومی پرچم کی تقسیم پروگرام کا رسمی طور پر آغاز کیا۔ حکومت نے ہر گھر کو ترنگا مفت تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مرکزی حکومت کے اداروں کی جانب سے ترنگا کی قیمت وصول کی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری سومیش کمار نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے 22 اگسٹ تک یوم آزادی تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے اور روزانہ ایک تقریب منعقد ہوگی۔ چیف منسٹر نے ان تقاریب کا افتتاح کیا تھا اور 22 اگسٹ کو لال بہادر اسٹیڈیم میں اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔ اسی دوران مرکزی حکومت نے قومی پرچم کی قلت کا حوالہ دیتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ کاغذی ترنگا اپنے مکانات پر چسپاں کریں۔ مرکزی وزیر سیاحت و کلچر جی کشن ریڈی نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے لکھا کہ تقسیم کیلئے قومی پرچم کی کمی ہے لہذا عوام کو کاغذی پرچم چسپاں کرنا چاہیئے یا اپنے گھروں پر ترنگا کی پینٹنگ کریں۔ مرکزی وزیر نے ایک ویڈیو پیام کے ذریعہ قومی پرچم کی قلت کا اعتراف کیا۔ ر