چیف منسٹر آسام ہیمنتا بسوا شرما کا مائیک چھیننے کی کوشش

,

   

ٹی آر ایس لیڈر کے خلاف مقدمہ درج ۔ معظم جاہی مارکٹ پر ہلکی سی کشیدگی
حیدرآباد /9 ستمبر ( سیاست نیوز ) شہر کے مصروف ترین علاقہ معظم جاہی مارکٹ پر اس وقت کشیدگی پھیل گئی جب تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے ایک لیڈر نے آسام کے چیف منسٹر ہیمنتا بسوا شرما کا اسٹیج پر مائیک چھیننے کی کوشش کرکے چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے خلاف تقریر کرنے پر اپنا احتجاج درج کروایا ۔ تفصیلات کے مطابق آسام کے چیف منسٹر جنہیں گنیش اتسو سمیتی نے گنیش وسرجن جلوس کیلئے مہمان خصوصی کے طور پر مدعو کیا تھا اور وہ چارمینار کے قریب واقع مندر پہونچکر پوجا کے بعد جلسہ سے خطاب کرنے معظم مارکٹ چوراہا پہونچے تھے ۔ اسٹیج پر آسام چیف منسٹر کے علاوہ اتسو سمیتی ذمہ داران بشمول سکریٹری ڈاکٹر ایم بھگونت راؤ تقریر کر رہے تھے کہ گوشہ محل ٹی آر ایس انچارج نندا کشور ویاس عرف نندو بلال جو اسٹیج پر تھے اچانک ہیمنتا بسوا شرما کا مائیک چھین لیا اور بحث و تکرار کی ۔ ٹی آر ایس لیڈر کی اس حرکت کے بعد بی جے پی کارکن برہم ہوگئے اور پولیس نے فوری نندو بلال کو حراست میں لے لیا ۔ بی جے پی کارکنوں نے ٹی آر ایس لیڈر کے خلاف احتجاج کیا ۔ احتیاطی گرفتاری کے بعد نند کشور ویاس نے میڈیا کو بتایا کہ آسام چیف منسٹر کو گنیش جلوس میں مہمان کے طور پر مدعو کیا گیا تھا اور انہوں نے اسے سیاسی مفاد کیلئے استعمال کرکے چیف منسٹر چندرا شیکھر راؤ کے خلاف غلط بیانی کی تھی ۔ عابڈز پولیس نے ٹی آر ایس لیڈر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ دریں اثناء معظم جاہی مارکٹ چوراہے پر ڈائس پر وزیر ٹی سرینواس یادو کے فلیکس بیانر لگائے جانے پر بی جے پی کارکنوں نے اعتراض کرکے اسے ہٹانے پر مجبور کردیا تھا اور اس معاملے پر بھی ٹی آر ایس اور بی جے پی کارکنوں میں ہلکی سی جھڑپ ہوئی تھی ۔