کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی لاجواب ، تلنگانہ کا مستقبل روشن ہونے کے قوی امکانات
حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : کانگریس کے سینئیر قائد انچارج اسمبلی حلقہ نامپلی فیروز خاں نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کو ویژنری لجینڈری قائد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت کی ایک سالہ کارکردگی لاجواب ہے ۔ جس کو دیکھنے کے بعد تلنگانہ کا مستقبل روشن نظر آرہا ہے ۔ فیروز خان نے کہا کہ کانگریس کو اقتدار 7 لاکھ کروڑ روپئے کے قرض کے ساتھ حاصل ہوا ہے ۔ باوجود اس کے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے ریاست کو ترقی کی راہ پر گامزن کررہے ہیں ۔ 6 گیارنٹی پر کامیابی کے ساتھ عمل کیا جارہا ہے ۔ شہر حیدرآباد میں 500 روپئے گیس سبسیڈی اور 200 یونٹ تک مفت برقی کی اسکیم پر 35 فیصد عمل آوری ہورہی ہے ۔ جب کہ ان دونوں اسکیمات پر اضلاع میں صد فیصد عمل آوری ہورہی ہے ۔ شہر حیدرآباد میں بھی ان اسکیمات کو صد فیصد بنانے کے لیے حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔ چیف منسٹر نے تاریخی کارنامہ انجام دیتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کے صرف 10 ماہ میں کسانوں کے 21 ہزار کروڑ روپئے کا قرض معاف کردیا ۔ 55 ہزار سے زیادہ بیروزگار نوجوانوں کو سرکاری ملازمتیں فراہم کی گئی ۔ غریب عوام کا مفت علاج کرنے کے لیے 11 ہزار کروڑ روپئے آروگیہ شری کے لیے جاری کئے گئے ۔ چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 830 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ۔ اسکل یونیورسٹی قائم کی گئی ۔ جنوبی ہند کی پہلی اسپورٹس یونیورسٹی حیدرآباد میں قائم کی جارہی ہے ۔ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کیلئے کانگریس حکومت عملی اقدامات کررہی ہے ۔ ریاست میں سرمایہ کاری کو یقینی بنانے کیلئے چیف منسٹر بیرونی ممالک کے دورے کررہے ہیں ۔ عالمی بنک کے ذمہ داروں سے ملاقات کرچکے ہیں ۔ پرانے شہر میں میٹرو ریل متعارف کرائی جارہی ہے ۔ موسیٰ ندی کو ترقی دینے کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے ۔۔ 2