عمارت سے گر کر ہلاک ہونے والے فوڈ ڈیلیوری بوائے کے لواحقین کو 2 لاکھ روپئے کا چیک پیش
حیدرآباد ۔ 30 ڈسمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک اور وعدے کی تکمیل کردی۔ چار ماہ قبل بلند عمارت سے گر کر ہلاک ہونے والے سوئیگی ڈیلیوری بوائے محمد رضوان کے لواحقین کو 2 لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا۔ واضح رہیکہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 23 ڈسمبر کو نمائش گراؤنڈ نامپلی پر غیرمنظم شعبہ کے ورکرس، آٹو ڈرائیورس، کیاب و ٹیکسی، اولا اور اوبر ڈرائیورس کے علاوہ فوڈ ڈیلیوری بوائز کا ایک اجلاس طلب کرتے ہوئے ان کے مسائل کا جائزہ لیا تھا۔ اس اجلاس میں سوئیگی ڈیلیوری بوائے کی موت سے چیف منسٹر کو واقف کراتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا سابق بی آر ایس حکومت نے مہلک کے ارکان خاندان سے کوئی ہمدردی کا اظہار نہیں کیا ہے جس پر چیف منسٹر ریونت ریڈی نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ فوری اس فوڈ ڈیلیوری بوائے کے ارکان خاندان کا پتہ چلاتے ہوئے لواحقین کو چیف منسٹر ریلیف فنڈ سے 2 لاکھ روپئے کا معاوضہ ادا کیا جائے۔ اندرون ایک ہفتہ عہدیداروں نے اس نوجوان کے ارکان خاندان کی تفصیلات سے چیف منسٹر کو واقف کرایا۔ آج چیف منسٹر نے ہلاک ہونے والے نوجوان کے ارکان خاندان کو سکریٹریٹ طلب کرتے ہوئے انہیں دو لاکھ روپئے کا چیک حوالے کیا جس پر ارکان خاندان نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے اظہارتشکر کیا۔ صدر جمعیت العلماء تلنگانہ آندھراپردیش حافظ پیر شبیر احمد کی ہدایت پر ان کے فرزند جنرل سکریٹری جمعیت العلماء پیر خلیق احمد صابر ڈیلیوری بوائے کے ارکان خاندان کو لیکر سکریٹریٹ پہنچے اور ان کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کروائی۔ اس موقع پرتلنگانہ کانگریس امور کے سکریٹری منصور علی خان بھی موجود تھے۔2