چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ٹارگیٹ 14 کانگریس کا ایکشن پلان تیار کیا

   

اسمبلی، لوک سبھا اور بوتھ سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے ملکاجگری ماڈل پر ریاست بھر میں کام کرنے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 23 مارچ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے لوک سبھا انتخابات میں ٹارگیٹ 14 کے تحت کانگریس کا خصوصی ایکشن پلان تیار کیا ہے۔ کانگریس ہائی کمان کو تلنگانہ سے کافی امیدیں وابستہ ہیں اور چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مکمل اختیارات دیئے گئے ہیں جس پر چیف منسٹر نے تلنگانہ کے 17 کے منجملہ 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی حاصل کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے۔ شہر حیدرآباد میں دستیاب پارٹی کے اہم قائدین کے ساتھ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اجلاس طلب کرکے انتخابی حکمت عملی کو قطعیت دی ہے۔ رائے دہندوں سے تین مرحلوں میں رابطہ کاری کیلئے خصوصی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ کمیٹیاں لوک سبھا اور اسمبلی حلقوں کی سطح پر تشکیل دی جائیں گی اور ساتھ ہی پولنگ بوتھ پر نگرانی کیلئے بھی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔ چیف منسٹر نے لوک سبھا انتخابات میں کامیابی کیلئے پارٹی کے قائدین کو سب سے پہلے اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے اور نظریاتی اختلافات کو فراموش کرتے ہوئے پارٹی کے مفادات کیلئے تمام قائدین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوجانے کا مشورہ دیا۔ پارٹی کے قائدین آپس میں تال میل اور رابطہ برقرار رکھتے ہوئے پارٹی کارکنوں کی مکمل حوصلہ افزائی کریں اور پارٹی امیدواروں سے مکمل تعاون کریں۔ انہوں نے گذشتہ لوک سبھا انتخابات میں ملکاجگری حلقہ لوک سبھا کیلئے جو حکمت عملی تیار کی تھی، اسی ماڈل پر ساری ریاست میں عمل کرنے کی ہدایت دی۔ آئندہ دو یا تین دن میں لوک سبھا، اسمبلی اور بوتھ سطح کی کمیٹیاں تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی 100 دن کی کارکردگی سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں اس کے علاوہ دوسری جماعتوں کے قائدین بڑے پیمانے پر کانگریس میں شامل ہورہے ہیں۔ کانگریس کے قائدین اور دوسری جماعتوں سے کانگریس میں شامل ہونے والے قائدین کے درمیان توازن برقرار رکھنا ضروری ہے۔ پارٹی قائدین کا احترام کرتے ہوئے پارٹی میں شامل ہونے والے نئے قائدین کو برابر کی اہمیت دیں۔ اضلاع کے انچارج وزراء پارٹی کے ارکان اسمبلی اور نامزد جائیدادوں پر فائز صدورنشین کو اعتماد میں لے کر کام کریں۔ ہر رائے دہندے کے مکان پر ایک سے زائد مرتبہ ضرور دستک دیں۔2