آسٹریلیا میں اسپورٹس یونیورسٹی کا معائنہ، سنگاپور میں شاپنگ مالس میں اسپورٹس سرگرمیوں کا جائزہ، ڈاؤس میں ورلڈ اکنامک فورم اجلاس میں شرکت
چندرا بابو نائیڈو، نارا لوکیش، دیویندر فڈ نویس اور شیو کمار بھی ڈاؤس سمٹ میں شرکت کریں گے
حیدرآباد۔یکم؍ جنوری، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی زیر قیادت اعلیٰ سطحی وفد 21 تا 23 جنوری سوئزر لینڈ میں ڈاؤس کا دورہ کرے گا جہاں 20 تا 24 جنوری ورلڈ اکنامک فورم کا 55 واں اجلاس منعقد ہوگا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بھاری مصنوعات ڈی سریدھر بابو، پرنسپل سکریٹری آئی ٹی جیش رنجن اور دیگر عہدیدار بھی ڈاؤس کا دورہ کریں گے۔ گذشتہ سال 2024 میں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے موقع پر تلنگانہ حکومت نے 40 ہزار کروڑ سے زائد کی سرمایہ کاری کیلئے مختلف کمپنیوں سے معاہدات کئے تھے۔ امید کی جارہی ہے کہ مجوزہ دورہ میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ان کی ٹیم نے کئی بین الاقوامی کمپنیوں کو تلنگانہ میں سرمایہ کاری کیلئے راغب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ سال کئے گئے معاہدات میں کئی پراجکٹس آغاز کے مرحلہ میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر 13 یا 15 جنوری کو آسٹریلیا کا دورہ کریں گے۔ طئے شدہ شیڈول کے مطابق 13 جنوری کو روانگی کا منصوبہ تھا لیکن بعد میں سنکرانتی تہوار کے بعد 15 جنوری کو آسٹریلیا روانگی پر غور کیا جارہا ہے۔ دورہ آسٹریلیا میں چیف منسٹر کے ہمراہ حکومت کے مشیر جتیندر ریڈی، تلنگانہ اسپورٹس اتھاریٹی کے صدرنشین شیوا سینا ریڈی، منیجنگ ڈائرکٹر ایس بالا ، اسپیشل چیف سکریٹری جیش رنجن اور دیگر عہدیدار شامل رہیں گے۔ آسٹریلیا میں ٹوئنز لینڈ اسپورٹس یونیورسٹی کا چیف منسٹر دورہ کریں گے۔ آسٹریلیا میں تین یا چار دن تک قیام کے بعد چیف منسٹر 19 جنوری کو سنگاپور پہنچیں گے جہاں دو دن قیام کا منصوبہ ہے۔ سنگا پور کے شاپنگ مالس میں اسپورٹس سرگرمیوں کیلئے علحدہ گوشہ کی تعمیر کا جائزہ لیں گے۔ سنگاپور میں ریونت ریڈی اور سریدھر بابو صنعت کاروں سے ملاقات کریں گے۔ سنگاپور سے ڈاؤس روانہ ہوں گے جہاں ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو، آندھراپردیش کے وزیر آئی ٹی نارا لوکیش اور مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فڈنویس بھی ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ اجلاس 2025 میں شرکت کریں گے۔ مرکزی وزراء اشونی ویشنو، سی آر پاٹل، چراغ پاسوان، کے رام موہن نائیڈو اور جینت چودھری کی شرکت بھی متوقع ہے۔ کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیوا کمار، ٹاملناڈو کے وزیر ٹی آر راجہ اور اتر پردیش کے وزیر سریش کھنہ بھی ڈاؤس کے پانچ روزہ اجلاس میں شرکت کریں گے۔ تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے لئے ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت اہمیت کی حامل ہے کیونکہ دونوں ریاستیں کمزور معاشی موقف کے دوران بیرونی سرمایہ کاری کی تلاش میں ہیں تاکہ ریاستوں کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔1