چیف منسٹر ریونت ریڈی کی آج راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے ملاقات

   

ارکان پارلیمنٹ کیلئے طبقاتی سروے اور تحفظات پر پاور پوائنٹ پریزینٹیشن
حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی (سیاست نیوز) مجالس مقامی میں پسماندہ طبقات کو 42 فیصد تحفظات کے مسئلہ پر مرکزی حکومت سے نمائندگی کے لئے چیف منسٹر ریونت ریڈی ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور ریاستی وزراء نئی دہلی روانہ ہوئے۔ کانگریس کے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ چیف منسٹر طبقاتی سروے اور 42 فیصد تحفظات کے سلسلہ میں پاور پوائنٹ پریزینٹیشن دیں گے ۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ پونم پربھاکر ، وی سری ہری ، کونڈا سریکھا اور دیگر وزراء بھی نئی دہلی روانہ ہوئے۔ چیف منسٹر کل 24 جولائی کی صبح راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے ملاقات کریں گے اور 42 فیصد تحفظات پر عمل آوری کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال ہوگا۔ شام میں اے آئی سی سی ہیڈکوارٹر اندرا بھون میں انڈیا الائنس میں شامل تمام پارٹیوں کے ارکان لوک سبھا اور راجیہ سبھا کیلئے پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کا اہتمام کیا جائے گا جس میں طبقاتی سروے کی تفصیلات کے علاوہ 42 فیصد بی سی تحفظات کے طریقہ کار کی وضاحت کی جائے گی۔ چیف منسٹر جمعرات کی شب یا جمعہ کی صبح حیدرآباد واپس ہوں گے۔ 1