حیدرآباد۔ 28 ستمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزراء جوپلی کرشنا راؤ، دامودر راج نرسمہا اور وی سری ہری نے چیف منسٹر کے انتخابی حلقہ کوڑنگل میں 91.71 کروڑ سے 18 مختلف ترقیاتی کاموں کا افتتاح کیا۔ ارکان مقننہ ومشی کرشنا، راجیش ریڈی، دامودر ریڈی، ڈیری ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے صدر نشین جی امیت ریڈی اور عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔ ڈیری ڈیولپمنٹ اور دیگر شعبہ جات کی ترقی کے لئے کوڑنگل میں کئی پراجکٹس شروع کئے گئے ہیں۔ انیمل ہیسبنڈری اور ڈیری ڈیولپمنٹ کا ریسرچ سنٹر قائم کیا گیا ہے جس کی تعمیر پر 25 لاکھ روپے کا خرچ آیا ہے۔ اس مرکز میں 30 ہزار لیٹر دودھ کے تحفظ کی گنجائش موجود ہے۔ چیف منسٹر کے آبائی گاؤں کونڈا ریڈی پلی میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے بعد ریاستی وزراء نے میڈیا سے بات چیت کی۔ وزراء نے کہا کہ چیف منسٹر اپنے حلقہ انتخاب کو مثالی علاقہ میں تبدیل کرنا چاہتے ہیں۔ صنعتوں کے قیام کے ذریعہ نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں گے۔ وزیر انیمل ہیسبڈری وی سری ہری نے کہا کہ ڈیری ڈیولپمنٹ کی صنعت کی ترقی سے علاقہ میں روزگار کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام سے تعاون سے کونڈا ریڈی پلی کو مثالی علاقہ میں تبدیل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سولار انرجی پاور پلانٹس کے قیام کی حوصلہ افزائی کی جارہی ہے تاکہ مقامی افراد پر مالی بوجھ کم کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کمزور طبقات کی بھلائی کے بارے میں سنجیدہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا ریڈی پلی میں سڑک کی توسیع کے لئے چیف منسٹر نے اپنے مکان کی اراضی حکومت کے حوالہ کی ہے۔ اس طرح انہوں نے مثال قائم کی اور ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں عوام کو حصہ لینے کی ترغیب دی ہے۔ 1