چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ کے رفقا کے ٹھکانوں پر آئی ٹی دھاوے

   

کروڑہا روپئے کی غیر محسوب رقم کی ضبطی کا دعوی ۔ دہلی ‘ مدھیہ پردیش ‘ گوا اور احمد آباد میں 52 مقامات پر بیک وقت کارروائی
نئی دہلی / بھوپال ۔7اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ کے ایک قریبی ساتھی اور دوسرے کچھ افراد کے ٹھکانوں پر محکمہ انکم ٹیکس کی جانب سے آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں دہلی اور مدھیہ پردیش سمیت جملہ 52 مقامات پر دھاوے کئے گئے ۔ کہا گیا ہے کہ ٹیکس چوری کے الزامات اور حوالہ معاملتوں کے الزام کے تحت یہ دھاوے کئے گئے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ محکمہ انکم ٹیکس اور ریاستی پولیس کے 200 عہدیداروں پر مشتمل ایک ٹیم نے صبح 3 بجے یہ دھاوے کئے اور کہا گیا ہے کہ انہوں نے تقریبا 10 تا 14 کروڑ روپئے کی غیر محسوب رقم ضبط کی ہے ۔ ذرائع نے کہا کہ یہ زیادہ امکانات پائے جاتے ہیں کہ یہ رقم سیاسی مہم کی فنڈنگ اور رائے دہندوں کو رشوت کے طور پر دینے کیلئے استعمال کی جاسکتی تھی ۔ ایک ابتدائی رپورٹ ‘ جو دھاووں سے متعلق ہے ‘ مرکزی بورڈ برائے راست محاصل نے الیکشن کمیشن کے بھی حوالے کی ہے ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ جو رقم ضبط کی گئی ہے وہ بڑھتی جا رہی ہے کیونکہ بھوپال میں نوٹوں کی گنتی کرنے والی مزید مشینیں بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔ کہا گیا ہے کہ تلاشی کارروائی محکمہ انکم ٹیکس کی تحقیقاتی ونگ کی جانب سے بھوپال اور پڑوسی رائے پور کی یونٹوں کی مدد سے کئے گئے اور ان دھاووں میں حصہ لینے والے عہدیداروں نے بسوں ‘ آٹو رکشاوں اور ٹیکسیوں وغیرہ کا استعمال کیا تاکہ کسی کو ان کی آمد کی اطلاع نہ مل پائے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مشتبہ حوالہ معاملوں کی اطلاعات کی بنیاد پر یہ دھاوے کئے گئے ہیں جبکہ ریاست میں انتخابات کا وقت چل رہا ہے ۔ اس کے علاوہ ٹیکس چوری کی شکایات بھی مل رہی تھیں۔ کہا گیا ہے کہ اندور ‘ بھوپال ‘ گوا اور دہلی ( گرین پارک ) میں مختلف مقامات پر یہ دھاوے کئے گئے ۔ یہ دھاوے کمل ناتھ کے سابق آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی پروین ککڑ اور سابق مشیر راجیندر مگلانی کے علاوہ کمل ناتھ کے برادر نسبتی کی فرم کے کچھ عہدیداروں کے خلاف کئے گئے ہیں۔ کہا گیا ہے کہ احمد آباد میں بھی کچھ مقامات پر یہدھاوے کئے گئے ۔ معلوم ہوا ہے کہ بھوپال کے پلاٹینم پلازما میں ککڑ کے ایک ساتھی اشون شرما کی جائیدادوں کا بھی احاطہ کیا گیا ہے ۔ ککڑ اور مگلانی نے لوک سبھا انتخابات کا اعلان ہونے سے کچھ ہی دن قبل اپنے عہدوں سے استعفی پیش کردیا تھا ۔ اندور میں دھاوے ککڑ کی قیامگاہ پر کئے گئے اور ان سے متعلق دوسرے مقامات کا بھی احاطہ کیا گیا ۔ عہدیداروں نے کہا کہ غیر محسوب معاملتوں کے دستاویزات بھی ضبط کئے گئے ہیں جو کروڑ ہا روپئے معاملتوں کے ہیں اور ان کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ کچھ انتہائی مہنگی شراب کی بوتلیں ‘ آتشیں اسلحہ وغیرہ کا بھی کچھ مقامات سے ذخیرہ ضبط کیا گیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ کولکتہ کے تاجر پارس مل لودھا کے ٹھکانوں پر بھی دھاوے کئے گئے ۔