چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے نے فائرنگ واقعہ کے بعد فلم اسٹار سلمان خان اور ان کے والد سلیم خان سے ملاقات کی۔

   

دارالحکومت پٹنہ میں سڑک حادثہ، 7 افراد کی موت
پٹنہ: بہار میں دارالحکومت پٹنہ کے کنکر باغ تھانہ علاقے میں منگل کو آٹو رکشا اور کرین کے درمیان تصادم میں کم از کم سات افراد کی موت ہو گئی۔ پولیس ذرائع نے یہاں بتایا کہ آٹو رکشا میں سفر کر رہے لوگ رام لکھن پتھ پر پٹنہ میٹرو کے تعمیراتی کام میں مصروف کرین سے ٹکرا گئے ۔ اس حادثے میں آٹو رکشا میں سوار چار افراد کی موقع پر ہی موت ہو گئی جبکہ تین دیگر کی علاج کے دوران موت ہو گئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں تین مرد، تین خواتین اور ایک بچہ شامل ہے ۔ مرنے والے روہتاس، مدھوبنی، مظفر پور اور ویشالی کے رہنے والے ہیں۔ مرنے والوں کی فوری طور پر شناخت نہیں ہو سکی۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ نتیش کمار نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور بھگوان سے دعا کی کہ وہ مرنے والوں کے اہل خانہ کو یہ نقصان برداشت کرنے کی طاقت دے۔ انہوں نے حادثے میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

سلمان خان سے ملاقات کیلئے نہ آئیں
اہل خانہ کی مشہور شخصیات سے اپیل
ممبئی: سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کی خبر نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ خاندان کے علاوہ سلمان کے مداح اور انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ اس واقعہ سے کافی پریشان ہیں اور اداکار کے لیے پریشان ہیں۔ کئی لوگ ان سے ملنے کے لیے گلیکسی اپارٹمنٹ بھی پہنچ رہے ہیں۔ اس وقت وہاں کا ماحول بہت سنگین ہے اور پولیس اور میڈیا بھی وہاں آنا شروع ہو گئے ہیں۔ جس کی وجہ سے آس پاس کے لوگوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ ایسے میں اہل خانہ کی جانب سے ایک بیان سامنے آیا ہے، جس میں لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان سے ملنے گلیکسی اپارٹمنٹ نہ جائیں۔ رپورٹ کے مطابق سلمان خان فائرنگ کے واقعہ کے بعد بھی اپنے کام کو متاثر نہیں ہونے دینا چاہتے۔پیر کو بھی وہ سخت سکیورٹی کے درمیان گھر سے نکلے تھے اور رات کو گھر واپس آئے تھے۔

سلمان خان کے گھر پر فائرنگ ،2 ملزمین گجرات کے بھج سے گرفتار
احمد آباد؍ممبئی : بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کیس میں ممبئی کرائم برانچ کو بڑی کامیابی ملی ہے۔ پولیس نے فائرنگ کرنے والے دونوں ملزمان کو گجرات کے بھج سے گرفتار کیا ہے۔ شائع خبر کے مطابق ممبئی کرائم برانچ کے ایک سینئر افسر نے اس کارروائی کی تصدیق کی ہے۔ذرائع کے مطابق پولیس نے بھج میں فائرنگ کیس میں ملوث موٹر سائیکل سوار دونوں ملزمان کا سراغ لگا لیا ہے۔ایک ٹیم نے گجرات جا کر دونوں ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ دونوں ملزمان کو ممبئی لایا جارہا ہے جہاں پولیس دونوں ملزمان سے پوچھ گچھ کرے گی۔ معلومات کے مطابق، کرائم برانچ کی ٹیم نے دونوں ملزمین کو بھج کے ماتا کا مدھ کے قریب سے گرفتار کیا ہے۔ملزمان کی شناخت وکی گپتا (عمر 24) اور ساگر (21) کے طور پر کی گئی ہے جو بہار کے چمپارن کے ساکن ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار کی صبح 5 بجے دو نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے باندرہ میں سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر ہوا میں چار راؤنڈ فائر کیے تھے۔
دونوں حملہ آور موٹر سائیکل پر آئے اور فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہوگئے۔ دونوں ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔ان گولیوں کے نشانات سلمان کے اپارٹمنٹ کے باہر بھی ملے ہیں۔ ایک گولی اس کی بالکونی کے جال سے بھی گزری۔ سلمان اکثر اس بالکونی سے اپنے مداحوں کو ہاتھ ہلاتے یا ’ہیلو ‘کرتے ہیں۔ تفتیش کے دوران وہاں سے گولیوں کے خول برآمد ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق سلمان کے گھر کے باہر فائرنگ کرنے والے حملہ آور واردات کے بعد موٹر سائیکل پر ماؤنٹ میری چرچ پہنچے تھے۔ بائک کو وہیں چھوڑ دیا، کچھ فاصلہ پیدل چل کر آٹورکشا لے کر باندرہ ریلوے اسٹیشن پہنچے۔ اس کے بعد وہ بوریولی جانے والی ٹرین میں سوار ہوئے، لیکن سانتا کروز ریلوے اسٹیشن پر اتر کر باہر چلے گئے۔ ملزمان کو ان مقامات کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا۔