چیف منسٹر نے سادگی اور انسانیت کا مظاہرہ کیا

   

تپتی دھوپ میں صحافیوں کو دیکھ کر قافلہ کو روک دیا
حیدرآباد ۔ 7۔ مئی (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے آج اپنی سادگی اور انسانیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے کمانڈ کنٹرول سنٹر کے روبرو دھوپ میں کھڑے ہوئے صحافیوں کو دیکھ کر اپنے قافلہ کو روک دیا۔ چیف منسٹر اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد جب واپس ہورہے تھے تو انہوں نے تپتی دھوپ میں صحافیوں کو دیکھ کر اپنی گاڑی کو روک دیا اور کچھ دیر تک ان سے بات چیت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو مشورہ دیا کہ وہ کوریج کیلئے آئے ہوئے میڈیا کے نمائندوں کیلئے شیڈ کا اہتمام کریں۔ چیف منسٹر نے دس منٹ تک صحافیوں سے مختلف امور پر بات چیت کی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پاکستان میں دہشت گرد ٹھکانوں پر ہندوستانی فوج کی کارروائی کی ہر کسی کو تائید کرنی چاہئے۔ ہر ہندوستانی فوج کے ساتھ کھڑا دکھائی دے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ دراصل اپنے عہدہ کی ذمہ داری نبھارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں سیاسی اختلافات سے ابھر کر فوج سے اظہار یگانگت کرنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ پاکستان سے آکر ہندوستانیوں کو ہلاک کرنے پر ہم خاموش نہیں رہ سکتے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ملک کے دفاعی نظام میں حیدرآباد کا اہم رول ہے اور کئی دفاعی ادارے حیدرآباد میں قائم ہیں۔ حکومت نے دفاعی تنصیبات پر چوکسی بڑھادی ہے۔1