چیف منسٹر چرنجیت کیخلاف ریت مافیا کا معاملہ گورنر پروہت نے انکوائری کی ہدایت دی

   

چندی گڑھ : چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ چنی کو شروع سے ہی سابق سینئر لیڈر امریندر سنگھ کی طرف سے شدت سے مخالفت کا سامنا رہا ہے اور اب اُن کے خلاف ایک اور محاذ کھل گیا ۔ ریت مافیا معاملے میں چیف منسٹر چرنجیت کو ملوث بتاتے ہوئے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا جارہا تھا جس پر آج گورنر بنواری لال پروہت نے ڈی جی پی کی سطح پر تحقیقات کے احکام جاری کئے ۔ عام آدمی پارٹی کی پنجاب یونٹ نے چرنجیت پر لگے غیرقانونی ریت کانکنی کے الزامات معاملے میں گورنر پروہت کی طرف سے اعلی سطح پر جانچ کے احکامات دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔جانچ سے متعلق خط کا حوالہ دیتے ہوئے راگھو چڈا نے کہاکہ گورنر نے اس پورے معاملے کا نوٹس لیا اور ڈی جی پی کو چیف منسٹر کے خلاف انکے اسمبلی حلقہ چمکور صاحب کے گاؤں جندا پور میں ہورہی غیرقانونی ریت کانکنی کی اعلی سطح پر جانچ کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ پورے معاملہ کی ہر لمحہ رپورٹ انہیں سونپی جائے۔ پارٹی نے ڈی جی پی اور پولیس سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی طرح کے سیاسی دباو میں نہ آئیں۔