چیف منسٹر 14 اگست کو وقار آباد ، 17 اگست کو میڑچل جدید کلکٹریٹس کا افتتاح کریں گے

   

تاحال 7 جدید کلکٹریٹس کا افتتاح ، 8 عمارتیں افتتاح کیلئے تیار ، 10 کا کام تیزی سے جاری ، 4 کا کام شروع نہ ہو پایا
حیدرآباد ۔ 11 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر 14 اگست کو وقار آباد اور 17 اگست کو میڑچل ، ملکاجگری ، جدید سکریٹریٹ عمارتوں کا افتتاح کریں گے ۔ عہدیداروں کی جانب سے دونوں اضلاع میں چیف منسٹر کے دورے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ نظم و نسق کو عوام کی دہلیز تک پہونچانے کے لیے چیف منسٹر کے سی آر نے اضلاع کی تنظیم جدید کی جس سے ریاست میں اضلاع کی تعداد 10 سے بڑھ کر 33 تک پہونچ گئی ہے ۔ ہر ایک ضلع میں تمام سرکاری دفاتر کو ایک ہی جگہ منتقل کرنے کے لیے ہر ضلع میں ایک جدید کلکٹریٹ کی عمارت تعمیر کی جارہی ہے تاکہ ایک دفتر سے دوسرے دفتر کو پہونچنے کے لیے عوام کا قیمتی وقت ضائع ہونے سے بچایا جاسکے ۔ تاحال چیف منسٹر کے سی آر نے سدی پیٹ ، کاماریڈی ، ہنمکنڈہ ، راجنا سرسلہ ، جنگاؤں ، یادادری بھونگیر اور ونپرتی میں تعمیر شدہ جدید کلکٹریٹس کی عمارتوں کا افتتاح کرچکے ہیں ۔ اضلاع وقار آباد ، میڑچل ، ملکاجگیری ، نظام آباد ، جگتیال ، پداپلی ، محبوب نگر ، رنگاریڈی (شمس آباد ) ، بھدرا کتہ گوڑم میں جدید کلکٹریٹس کی عمارتیں تعمیر ہوچکی ہیں ، صرف افتتاح ہونا باقی ہے ۔ مزید 10 اضلاع کمرم بھیم آصف آباد ، نرمل ، منچریال ، کھمم ، جئے شنکر بھوپال پلی ، محبوب آباد ، جوگولامبا گدوال ، ناگر کرنول ، میدک ، سوریہ پیٹ ، میں جدید کلکٹریٹس کے تعمیراتی کام جاری ہے ۔ جب کہ اضلاع ملگ ، نارائن پیٹ ، عادل آباد ، ورنگل میں جدید کلکٹریٹس کی عمارتیں تعمیر ہونے کا کام شروع ہونا ہے ۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت پر ریاستی وزیر وی پرشانت ریڈی جدید کلکٹریٹ عمارتوں کی تعمیرات پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔ مختلف وجوہات کی بنا پر چار اضلاع میں جدید کلکٹریٹس کی تعمیرات کا آغاز نہیں ہوپایا ہے ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ بہت جلد ان اضلاع میں بھی جدید کلکٹریٹ کی تعمیرات کا آغاز ہوگا ۔۔ ن