حیدرآباد۔/12جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے ریاستی حکومت کو ہدایت دی ہے کہ سنکرانتی فیسٹول کے دوران چینی مانجھا پر مکمل پابندی عائد کی جائے۔ جسٹس بی وجئے سین ریڈی نے ہوم سکریٹری، ڈائرکٹر جنرل پولیس اور سکریٹری فاریسٹ کو احکامات پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت دی۔ عدالت نے کہا کہ چینی مانجھا انتہائی خطرناک ہے جس کے نتیجہ میں نہ صرف عوام بلکہ پرندے اور جانور بھی زخمی ہوسکتے ہیں۔ یہ مانجھا چین کا نہیں ہے بلکہ مقامی طور پر گلاس کے اشیاء اور سنتھیٹک میٹریل کے ذریعہ تیار کیا گیا ہے۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے ایک شہری کی جانب سے داخل کی گئی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ احکامات دیئے۔ درخواست گذار نے نیشنل گرین ٹریبونل کی جانب سے دی گئی رولنگ پر عمل آوری کی اپیل کی۔ درخواست گذار کے وکیل نے بتایا کہ نیشنل گرین ٹریبونل نے چینی مانجھا کی تیاری اور فروخت پر پابندی کی ہدایت دی تھی لیکن اس پر عمل آوری نہیں کی گئی۔ جسٹس وجئے سین ریڈی نے کہا کہ چینی اور نائیلان کے مانجھے سے زیادہ خطرہ ہے۔ درخواست گذار کے وکیل نے مانجھے کے نتیجہ میں انسانوں اور پرندوں کے زخمی ہونے کے واقعات کا حوالہ دیا۔1