چین سی پیک کے تحت پاکستانی فوج کی مدد کیلئے انفراسٹرکچر تیار کر رہا ہے

   

نئی دہلی : چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پی ای سی) کے تحت چین پاکستان کے صوبہ بلوچستان اور پاکستان کے زیر قبضہ کشمیر (پی او کے ) میں پاکستانی فوج کے ذریعے اہم فوجی منصوبوں کی تعمیر پر کام کر رہا ہے ۔سیکورٹی سسٹم سے وابستہ ذرائع نے یہ اطلاع یواین آئی کو دی۔ ذرائع کے مطابق چینی فوجی نواب شاہ، سندھ اور خضدار کے قریب ایک غار جیسا ذخیرہ کرنے کا نظام بنا رہے ہیں، جو رانی کوٹ اور سندھ کے ساتھ سہون-حیدرآباد ہائی وے کے جنوب مغرب میں تقریباً 50 کلومیٹر دور ہے ۔ یہ جگہ بلوچستان میں خضدار میزائل رجمنٹ کے زیر استعمال تھی۔ شواہد کی بنیاد پر اس وقت 10 سے 12 چینی فوجی پی او کے میں شاردا میں پاکستان آرمی کیمپ میں زیر زمین بنکر بنانے کا کام کر رہے ہیں۔اس کے ساتھ ہی 10 سے 15 چینی فوجی کیل سے 12 کلومیٹر دور پھلوائی میں پاک آرمی کے کیمپ میں زیر زمین بنکر کھودنے میں مصروف ہیں۔