چین میں مظاہروں کے بعد کوویڈ ضابطوں میں نرمی

   

بیجنگ : چین میں مظاہرین کی جانب سے حکمران کمیونسٹ پارٹی کے خلاف کئی عشروں کے سب سے بڑے مظاہرے میں صدر شی جن پنگ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیے جانے کے بعد، پیر کو چینی حکام نے کچھ اینٹی وائرس قوانین میں نرمی کی لیکن کووڈ 19کے خلاف اپنی سخت تر’’ زیرو کووڈ حکمت عملی‘‘ کی توثیق کی ہے۔ایسو سی ایٹڈ پریس کے مطابق حکومت نے مظاہروں یا صدرشی جن پنگ پر تنقید کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن کم از کم کچھ پابندیوں میں نرمی کے فیصلے کا بظاہر مقصد عوامی غصے کو کم کرنا تھا۔تاہم تجزیہ کار وں کو یہ توقع نہیں ہے کہ حکومت اپنی کووڈحکمت عملی سے دستبردار ہو جائے گی اور بقول ان کے حکام اختلاف رائے کو دبانے کے ماہر ہیں۔یہ واضح نہیں ہے کہ جمعہ کو شروع ہو نے والے اور ملک کے مالیاتی مرکز شنگھائی اور دار الحکومت بیجنگ سمیت دوسرے شہروں میں پھیل جانے والے مظاہروں میں اب تک کتنے لوگوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔بیجنگ کی شہری حکومت نے پیر کو اعلان کیا کہ وہ ان اپارٹمنٹ بلڈنگ تک رسائی کو روکنے کے لیے گیٹ نہیں لگائے گی جہاں انفیکشنز کا پتہ چلا ہے۔اس نے پچھلے ہفتے کی اس مہلک آگ کا کوئی ذکر نہیں کیا جس کے نتیجے میں ایسے سوالات کے بعد مظاہرے شروع ہوئے کہ آیا آگ سے بچنے کی کوشش کرنے والے فائر فائٹرز یا متاثرین کے راستے، مقفل دروازوں یا وائرس پر قابو پانے کے اقدامات کے تحت مسدود تھے۔