چین میں پھنسے ہندوستانی ملاحوں کو بچانے کے لئے ادھیررنجن چودھری کا وزیر اعظم کو خط

   

کلکتہ: کانگریس لیڈرادھیر رنجن چودھری نے چین کی مشرقی بندرگاہ پر چھ ماہ سے پھنسے ہوئے بحری جہازوں اور ملاحوں کی جلد رہائی کے لئے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھ کر کہا ہے کہ حکومت ہند ان ملاحوں کی رہائی کے لئے سیاسی اور سفارتی سطح پرکوشش کرے ۔خط میں ادھیررنجن نے لکھا ہے کہ ایم بی ایناستاسیا اور ایم بی جگنند کارگو جہازوں میں سوار ملاح چھ ماہ سے چین کی بندرگاہ پر پھنسے ہوئے ہیں۔ ان بحری جہازوں پر آسٹریلیائی کوئلہ لدا ہوا ہے ۔
جسے نہ تو چین بحری جہازوں سے مال خالی کرنے دے رہا ہے اور نہ ہی آگے بڑھنے دے رہا ہے۔
ان حالات میں ، بحری جہازوں کے ملاح بغیر کسی جرم کے چین میں پھنسے ہیں۔ انہیں کھانا اور دوائی بھی مہیا نہیں کی جارہی ہے ۔ انہوں نے لکھاہے کہ یہ صورتحال تکلیف دہ ہے اور مرکزی حکومت کو بغیر کسی تاخیر کے ان ملاحوں کو آزاد کرانے کے لئے پہل کرنا چاہئے ۔ چین نہ صرف ان ملاحوں کے انسانی حقوق کی پامالی کررہا ہے بلکہ بنیادی حقوق کو بھی کچل رہا ہے ۔ عالمی سطح پر چین کے ہتھکنڈوں کو اجاگر کرنا ضروری ہے ۔ اس کے لئے مرکزی حکومت کو تمام سیاسی اور سفارتی کوششیں بروئے کار لانا چاہیے ۔