چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1113 ہوگئی

,

   

بیجنگ ۔12فبروری ۔(سیاست ڈاٹ کام) چین میں کورونا وائرس سے 97 مزید افراد کی موت ہونے سے اس بیماری سے مرنے والوں والوں کی تعداد بڑھ کر 1113 ہو گئی ہے جبکہ 44653 افراد میں یہ انفیکشن پائے جانے کی تصدیق ہوئی ہے ۔ چین کے نیشنل ہیلتھ کمیشن نے چہارشنبہ کے روز ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی ۔ بیان کے مطابق منگل آدھی رات تک کورونا وائرس کے 3,342نئے معاملے سامنے آئے ہیں اور صرف ایک دن میں 97 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔ صوبہ ہوبئی میں 94، ہینان، ہونان اور چونگ کنگ میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی ہے ۔ کمیشن کے مطابق 11 فروری کی آدھی رات تک اسے 31 صوبوں سے اطلاع موصول ہوئی ، جس کے مطابق کورونا وائرس کے 44,653معاملات کی تصدیق ہو چکی ہے جس سے 8204 افراد کی حالت نازک بنی ہوئی ہے ۔ اب تک 1113 افراد کی موت ہو چکی ہے اور تقریبا 4740 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔ ہانگ کانگ میں 49 متعدی کے نئے معاملے درج کئے گئے ۔ یہاں ایک شخص کی اس سے موت ہوئی ہے ۔ مکاؤ میں 10 اور تائیوان میں 18 معاملات کی تصدیق ہوئی ہے ۔ مکاؤ اور تائیوان میں ایک ایک مریض کو صیحتیاب ہونے کے بعد اسپتال سے چھٹی دیدی گئی ہے ۔ کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملات کو مدِ نظر نظررکھتے ہوئے امریکہ، جاپان اورسنگاپور کے علاوہ کئی دیگر ممالک کی سرکاروں نے حال میں چین کا سفر کرنے والے لوگوں کے اپنے ملک میں داخلے پر روک لگا دی ہے ۔