چین میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 490 ہوگئی

,

   

بیجنگ۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) چین میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 490 ہو گئی ہے جبکہ 24,324 افراد میں اس کے انفیکشن کی تصدیق ہوئی ہے ۔چین کی سرکاری ہیلتھ کمیٹی نے چہارشنبہ کو ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔اس سے پہلے منگل کو جاری رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس سے 425 افراد ہلاک اور 20,438 معاملات کی تصدیق ہوئی تھی۔چین کی سرکاری ہیلتھ کمیٹی کے مطابق چار فروری کی آدھی رات تک اس کے 31صوبوں سے اطلاع ملی ہے ، جس کے مطابق کورونا وائرس کے 24,324 معاملات کی تصدیق کی جا چکی ہے جس میں 3،219 لوگوں کی حالت نازک بتائی جارہی ہے ۔ 490 لوگوں کی موت ہو چکی ہے اور 892 لوگوں کو اسپتال سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔

کرونا وائرس : عالمی ادارہ صحت نے چین کے اقدامات کی ستائش کی
بیجنگ۔ 5 فروری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت نے چین کے ان اقدامات کی تعریف کی ہے جن کی مدد سے مہلک کورونا وائرس کو وسیع تر عالمی بحران بننے سے روکا جا رہا ہے۔عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈروس اڈہانم نے کہا ہے کہ چین نے اس وائرس کے مرکز، ووہان، میں جو اقدامات اٹھائے ہیں وہ اس کے پھیلاؤ کو روکنے کا ایک اچھا طریقہ ہیں۔یہ تعریف ایسے وقت میں کی گئی ہے جب چین میں حکام پر اس وجہ سے تنقید کی جا رہی ہے کہ وہ اس وائرس کے پھیلاؤ کو ابتدائی سطح اچھے انداز میں کنٹرول نہ کر سکے۔صرف منگل کے روز چین میں کورونا وائرس کے لگ بھگ چار ہزار نئے تصدیق شدہ کیسز رجسٹر ہوئے ہیں۔ اس وائرس سے ہلاکتوں کی مجموعی تعداد اب بڑھ کر 490 ہو چکی ہے۔ صرف منگل کے روز وائرس سے متاثرہ 65 افراد مزید ہلاک ہوئے ہیں۔

ہانگ کانگ سے آئے 10جاپانی شہری کورونا وائرس سے متاثر
ٹوکیو۔ 5فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہانگ کانگ سے جاپان کے یوکوہاما پہنچے مسافر بردار جہاز میں کم از کم 10 لوگوں کے خطرناک کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا معاملہ سامنے آیا ہے ۔آشی ٹی وی نے بدھ کو ٹوئٹ کرکے تایا‘‘یوکوہاما بندرگاہ پر پہنچے مسافر بردار جہاز میں تقریبا 10 افراد کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے ہیں’’۔کیوڈو نیوز ایجنسی کے مطابق جاپان کے وزیر صحت کٹسنوبو کاٹو نے صحافیوں سے کہا‘‘مسافر بردارجہاز پر کورونا وائرس سے متاثر پائے گئے 10 افراد کو اسپتال بھیج دیا گیاہے ’’۔اس کے علاوہ وزیر صحت نے تمام مسافروں سے 14 دن تک جہاز پر ہی رہنے کے لئے کہا ہے ۔جاپان کے چیف کابینہ سکریٹری یوشي ھیدے سگا کے مطابق کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے جہاز، جس میں تقریبا 2700 مسافر سوار ہو سکتے ہیں، کو الگ کسی مقام پر رکھا جا سکتا ہے ۔