تائی پے: تائیوان کے صدر سائی انگ وین نے چین چیئن جین کو جمعہ کے روز ملک کا نیا وزیر اعظم مقرر کردیا۔ مقامی انتخابات میں اپنی پارٹی کی خراب کارکردگی کے بعد سو سینگ چانگ نے وزیر اعظم کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔تائیوان کی صدر سائی انگ وین نے جمعہ کے روز نئے وزیر اعظم کی تقرری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آج میں اعلان کرتی ہوں کہ سابق نائب صدر چین چیئن جین، سو سینگ چانگ سے کابینہ کے نئے سربراہ کی ذمہ داریاں اپنے ہاتھوں میں لیں گے۔صدر نے امید ظاہر کی کہ چین چیئن جین کی قیادت میں نئی کابینہ اپنی ذمہ داریاں بحسن و خوبی انجام دے گی اور کہا کہ سال 2023 تائیوان کی ترقی کے لیے کافی اہم ہے۔یہ پیش رفت حکمراں ڈیموکریٹیو پروگریسیو پارٹی (ڈی پی پی) کی گزشتہ برس مقامی انتخابات میں بھاری شکست کی وجہ سے ہوئی ہے۔ سابق وزیر اعظم سو سینگ چانگ نے گزشتہ ہفتے خود پوری کابینہ کے ساتھ استعفیٰ دے دیا تھا تاکہ حکومت کی تنظیم نو کی جاسکے۔اکہتر سالہ چین انتہائی مذہبی کیتھولک ہیں۔ انہوں نے سن 2016 سے 2020 کے درمیان سائی کی پہلی مدت کار میں نائب صدر کی ذمہ داریاں ادا کی تھیں۔