نئی دہلی۔ کانگریس نے کہا ہے کہ وزیر دفاع راجناتھ سنگھ، وزیر خارجہ ایس جے شنکر اور وزارت خارجہ کے بیانات کے برعکس آل پارٹی میٹنگ میں کسی درانداز کے ہندوستانی سرحد میں نہ آنے اور ہماری چوکیوں پر کسی کا قبضہ نہ ہونے سے متعلق وزیر اعظم نریندر مودی کے بیان سے کئی سوال کھڑے ہوتے ہیں اور مودی کو انہی سوالات کے جواب دینے چاہئیں۔ کانگریس کے رہنما کپل سبل نے اتوار کو یہاں پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی کہتے ہیں کہ ہندوستانی سرحد میں چین نے دراندازی نہیں کی ہے۔ مودی کی طرح ہی چین بھی کہتا ہے کہ وہ ہندوستان میں نہیں گھسا ہے کیونکہ گلوان وادی اس کی ہے اور اس کے جوان اپنے علاقے میں ہیں۔ چین کے فوجی گلوان وادی میں ہیں مودی کہہ رہے ہیں کہ ہماری سرحد میں کوئی نہیں آیا ہے۔ اسی بیان بازی کا فائدہ چین اٹھا رہا ہے اور وہ ڈنکے کی چوٹ پر کہتا ہے کہ اس نے کسی کی سرحد کی خلاف ورزی نہیں کی ہے۔انہوں نے کہا کہ مودی کے بیان کے سلسلے میں بعد میں حکومت کی وضاحت آئی ہے۔ اس سے صاف ہوتا ہے کہ مودی نے سچ کو چھپایا ہے۔ انھیں بتانا چاہیے کہ گلوان وادی میں چین کے فوجیوں کی موجودگی سے متعلق انہوں نے وہی بات کیوں کہی جو چین دعویٰ کر رہا ہے۔ وزیر اعظم کو واضح کرنا چاہیے کہ چین کے فوجیوں کے ہندوستانی سرحد پر قبضے کی بات انہوں نے کس سے چھپائی ہے۔ سبل نے سوال کیا کہ اگر چین نے ہندوستانی سرحد پر قبضہ نہیں کیا تو ہمارے 20 فوجی کیسے شہید ہوئے اور 85 فوجی کیسے زخمی ہوئے ہیں۔