چین کی کشمیرمیں G-20 اجلاس بلانے کی مخالفت

   

بیجنگ: چین نے ہندوستان کی جانب سے G-20 کا اجلاس کشمیرمیں بلانے کی مخالفت کردی۔چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بیان میں کہا کہ مسئلہ کشمیرپرچین کا موقف واضح اورمستقل ہے۔ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔چینی ترجمان نے مزید کہا کہ چین G-20 اجلاس میں شرکت کے معاملے کو دیکھے گا۔ علاقائی امن اور استحکام کیلیے تنازعات کو بات چیت اور مشاورت سے حل ہونا چاہیے اور متعلقہ فریقین کو مسئلہ پیچیدہ بنانے والے اقدامات سے گریز کرنا چاہیے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ G-20 بین الاقوامی اقتصادی اور مالیاتی تعاون کا سب سے بڑا فورم ہے۔ اقتصادی تعاون کوسیاسی رنگ دینے سے گریز کیا جائے۔تمام بڑی معیشتیں عالمی معاشی نظام کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریں۔ ہندوستان نے آئندہ سال ہونے والا G-20 اجلاس کشمیر میں کرانے کو کہا تھا۔