چین کے تعلق سے جلد بازی میں فیصلہ نہ کیا جائے ‘ کے سی آر

,

   

قومی و سلامتی کے مفادات پر سمجھوتہ بھی ممکن نہیں۔ کل جماعتی اجلاس میں اظہار خیال
حیدرآباد 19 جون ( پی ٹی آئی ) چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو نے آج وزیر اعظم نریندر مودی کو تجویز کیا کہ پڑوسی ملک چین سے نمٹنے کیلئے طویل مدتی اور مختصر مدتی حکمت عملی تیار کریں۔ کے سی آر نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے چین کے تعلق سے جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جانا چاہئے اور استھ ہی قومی مفادات پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ کے سی آر نے وزیر اعظم کی طلب کردہ کل جماعتی میٹنگ میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ شرکت کی اور ان خیالات کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم کو ایک طویل مدتی اور ایک مختصر مدتی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے تاکہ چین کے جارحانہ رویہ کا سامنا کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی جانب سے کسی بھی حال میں جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ چیف منسٹر کے حوالے سے جاری کردہ ایک اعلامیہ میں یہ بات بتائی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں تک ملک کی سلامتی اور مفادات کا سوال ہے ان پر بھی کوئی سمجھتہ نہیں کیا جانا چاہئے ۔ ہمیں اس تعلق سے ہمارے دوست ممالک کے ساتھ حکمت عملی شراکت داری کرنے کی ضرورت ہے ۔ چندر شیکھر راو نے کہا کہ چین ‘ ہندوستان میں ایک مستحکم اور طاقتور حکمرانی سے جلن محسوس کر رہا ہے کیونکہ ہندوستان ایک طاقتور معاشی طاقت کے طور پر ابھر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چین کی جانب سے جو اشتعال انگیزی کی جا رہی ہے وہ اسی حسد کا نتیجہ ہے ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ چین اور پاکستان کی یہ عادت ہے کہ جب کبھی ان کے پاس داخلی مسائل ہوں وہتنازعہ کا ماحول پیدا کرتے ہیں۔ چین کو اب کئی مسائل کا سامنا ہے ۔ اسے جاپان ‘ ملیشیا اور فلپائن جیسے ممالک سے چیلنج کا سامنا ہے ۔ ہندوستان کو ایک امن پسند ملک قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صبر کی بھی حد ہوتی ہے اور ملک کو ہر اس طاقت کو منہ توڑ جواب دینا چاہئے جو اس حد کو پار کرے ۔