چین کے ساتھ سرحد پر کشیدگی ‘ وزیر اعظم کا فوجی سربراہان کے ساتھ اجلاس

,

   

لداخ کے قریب چین کے فضائی اڈہ میں توسیع ۔ لڑاکا جیٹس کی موجودگی کا بھی انکشاف ۔ سٹیلائیٹ تصاویر منظر عام پر

نئی دہلی 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ایک اعلی سطح کا اجلاس منعقد کرتے ہوئے چین کے ساتھ جاری تنازعہ پر تبادلہ خیال کیا ۔ ذرائع نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اجلاس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ‘ قومی سلامتی کے شمیر اجیت ڈوول اور چیف آف ڈیفنس اسٹاف جنرل بپن راوت نے بھی شرکت کی ۔ کہا گیا ہے کہ اس سے قبل معتمد خارجہ نے ایک علیحدہ اجلاس منعقد کیا ۔ َذرائع نے بتایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ اجلاس سے قبل وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے تینوں مسلح افواج کے سربراہان کے ساتھ اجلاس منعقد کرکے تفصیلات سے آگہی حاصل کی ۔ واضح رہے کہ ملاقاتوں کا یہ سلسلہ ایسے وقت میں شروع ہوا ہے جبکہ سکم اور لداخ میں چینی اور ہندوستانی افواج کے درمیان جھڑپیں چل رہی ہیں۔ اس دوران عہدیداروں نے کہا کہ ملک کا یہ اٹل موقف ہے کہ ہم لائین آف کنٹرول پر جوں کی توں صورتحال میں کسی تبدیلی کی اجازت نہیں دینگے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی ہم نے ایسی صورتحال کا سامنا کیا ہے اور اس بار بھی ہم اس صورتحال کا پوری طاقت اور تحمل کے ساتھ سامنا کرینگے ۔ اس دوران چند سٹیلائیٹ تصاویر منظر عام پر آئی ہیں جن میں دکھایا گیا ہے کہ چین لداخ کے قریب اپنے فضائی اڈہ کو توسیع دے رہا ہے ۔ کچھ قریبی تصاویر میں تو یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ وہاں چین کے لڑاکا جیٹس بھی تیار ہیں۔ چین نے کل اپنے سفارتخانہ کی ویب سائیٹ پر واضح کیا تھا کہ جو چینی شہری اپنے ملک واپس ہونا چاہتے ہیں انہیں واپس لیجایا جائیگا ۔ سٹیلائیٹ کی تصاویر میں دکھایا گیا تھا کہ تبت میں نگاری گونسا ائرپورٹ پر چین کی جانب سے بڑے پیمانے پر تعمیراتی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔ اس مقام پر دونوں ملکوں کی افواج کے مابین جاریہ ماہ کے اوائل میں جھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔ سٹیلائیٹ کی دو تصاویر جاری کی گئی ہیں ایک تصویر 6 اپریل 2020 کی ہے جبکہ دوسری تصویر 21 مئی کی ہے ۔ ان تصاویر میں دکھایا گیا ہے کہ یہاں لڑاکا طیاروں اور ہیلی کاپٹرس کیلئے تعمیرات ہو رہی ہیں۔ دونوں تصاویر میں تعمیراتی کاموں کا واضح فرق بھی دکھایا گیا ہے ۔ جاریہ ماہ کے اوائل ہی سے دونوں ملکوں کے مابین سرحدات پر کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔

چینی فوج کو جنگ کیلئے تیار رہنے وزیر اعظم جن پنگ کی ہدایت
بیجنگ 26 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چین کے صدر ژی جن پنگ نے آج چین کی مسلح افواج کو ہدایت دی کہ وہ افواج کی ٹریننگ میں شدت پیدا کرے اور جنگ کیلئے تیار رہے ۔ یہ ہدایت انہوں نے کورونا وائرس سے ملک کی قومی سلامتی پر ہونے والے اثرات کے پیش نظر دی ہے ۔ سرکاری میڈیا نے چینی وزیر اعظم کا یہ کہتے ہوئے حوالہ دیا کہ فوج کی تربیت کو مستحکم کرنا اور جنگ کیلئے تیار رہنا انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی قومی سالمیت کا تحفظ انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ ژی نے یہ خیالات ایسے وقت میں ظاہر کئے ہیں جب امریکہ کے ساتھ اس کے تعلقات میں کشیدگی پیدا ہوتی جا رہی ہے ۔ سرکاری میڈیا میں بھی وزیر اعظم کی ان ہدایات کو واضح طور پر پیش کیا گیا ہے۔