لوک سبھا انتخابات
بی آر ایس ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر کا اعلان ، بھاری اکثریت کا یقین
حیدرآباد ۔ 26 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ پارٹی حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ سے موجودہ رکن پارلیمنٹ جی رنجیت ریڈی ہی کو پھر انتخابی میدان میں اتارے گی ۔ انہوں نے پارٹی کے قائدین پر زور دیا کہ وہ آئندہ منعقد ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے لیے تیار ہوجائیں ۔ راما راؤ نے کل حلقہ لوک سبھا چیورلہ کے بی آر ایس قائدین کے ساتھ ایک میٹنگ منعقد کرتے ہوئے عام انتخابات کے لیے تیاری کے عمل کا آغاز کیا ۔ اس اجلاس کے دوران انہوں نے پارٹی کیڈر سے کہا کہ وہ حالیہ اسمبلی انتخابات کے نتائج سے حوصلہ نہ ہاریں بلکہ اس کے بجائے لوک سبھا انتخابات پر توجہ دیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ چیوڑلہ سے بی آر ایس امیدوار پھر کامیاب ہوں گے ۔ بی آر ایس قائدین پی سبیتا اندرا ریڈی ، پٹنم نریندر ریڈی اور دیگر کئی قائدین نے اس اجلاس میں شرکت کی ۔
بی آر ایس نے سخت کام کیا : رنجیت
بعد ازاں میڈیا کے نمائندوں سے مخاطب کرتے ہوئے رنجیت ریڈی نے کہا کہ پارٹی کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے عام انتخابات کے تعلق سے پارٹی قائدین کو بعض ہدایات دئیے ہیں ۔ انہوں نے کانگریس قائدین کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ بی آر ایس نے گذشتہ 10 سال میں کچھ نہیں کیا ۔ رنجیت ریڈی نے کہا کہ ’ بی آر ایس حکومت نے ریاست میں کئی فلاحی اور ترقیاتی پروگرامس کو روبہ عمل لایا ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے اسمبلی انتخابات کے دوران رائے دہندوں کو 412 تیقنات دئیے تاہم کانگریس اب تک ان وعدوں میں کسی کو پورا کرنے میں ناکام ہے ‘ ۔
ایک لاکھ سے زائد ووٹ سے کامیاب ہوں گا : ایم پی
رنجیت ریڈی نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ عام انتخابات میں ایک لاکھ سے زائد ووٹ کے فرق سے کامیاب ہوں گے ۔ چیوڑلہ کے ایم پی نے کہا کہ ’ کانگریس اور بی جے پی کے قائدین کے ان بیانات میں کوئی سچائی نہیں ہے کہ بی آر ایس کا ریاست سے صفایا ہوجائے گا ‘ ۔ انہوں نے کہا کہ وہ حلقہ لوک سبھا چیوڑلہ میں ان اسمبلی حلقہ جات پر توجہ دیں گے جہاں سے بی آر ایس کے امیدواروں کو حالیہ اسمبلی انتخابات میں شکست ہوئی ہے ۔۔