اندور ۔ ڈاکو دلہنوں کی مختلف کہانیاں سنی ہوں گی۔ اسی طرح کی کہانی مدھیہ پردیش کے اندور سے بھی سامنے آئی ہے لیکن یہاں دلہن نے شادی کے فوراً بعد نہیں بلکہ پورے دو سال اپنے شوہر کے ساتھ گزارے اور اس کے بعد موقع ملتے ہی گھر سے لاکھوں مالیت کے زیورات اور رقم لے کر فرار ہوگئی۔ شوہر کو ڈاکو بیوی کی حقیقت معلوم ہوئی تو پیروں تلے سے زمین نکل گئی۔ متاثرہ نے ملزم کی بیوی کے خلاف تھانے میں شکایت درج کرائی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے ڈاکو دلہن کی تلاش شروع کر دی ہے۔ معلومات کے مطابق معاملہ اندور کے ہیرا نگر علاقے کا ہے۔ یہاں رہنے والے ایک نوجوان نے اپنی بیوی پر دھوکہ دہی کا الزام لگایا ہے۔ نوجوان کا دعویٰ ہے کہ اس کی بیوی نے متعدد شادیاں کرکے مختلف لوگوں کو لاکھوں روپے کا جھانسہ دیا۔ متاثرہ سندیپ پیلوڈا نے پولیس شکایت میں کہا کہ اسے دیوالی 2022 میں پہلی نظر میں ایک خاتون سے محبت ہوگئی تھی اور پانچ ماہ بعد اس سے شادی کر لی۔