ڈاکٹرس اور طبی عملہ کیساتھ بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی:ممتا بنرجی

   

کولکتہ ۔26مارچ (سیاست ڈاٹ کام)ڈاکٹروں، نرسوں اور دیگر طبی عملوں سے مکانات خالی کرانے اور محلوں میں بدسلوکی کی شکایات پر سخت ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے ملک کو کورونا وائرس سے بچانے کیلئے ہمارے ڈاکٹرس، نرس، اور طبی عملے رات دن کام کررہے ہیں، مگر ان ساتھ بدسلوکی کی جارہی ہے بہت ہی افسوس ناک ہے ۔حکومت کسی بھی صورت میں اس کو برداشت نہیں کرے گی۔ہماری پوری ہمدردی ڈاکٹروں،نرسوں اور طبی عملے کے ساتھ ہے ۔ممتابنرجی نے ڈاکٹروں، نرسوں اور طبی عملے کے ساتھ بدسلوکی کی شکایات سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ایسی شکایتیں موصول ہوئی ہیں کہ کورونا خوف سے ڈاکٹروں سے مکانات خالی کرائے جارہے ہیں اور یہ شکایات ملک کے دوسرے حصے سے بھی آئی ہے اور اب کلکتہ میں یہ شکایت موصول ہوئی ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹروں،نرسوں اور طبی عملے سے اس لئے مکانات خالی کرائے جارہے ہیں کہیں اس کی وجہ سے کورونا وائرس نہ پھیل جائے ۔خیال رہے کہ اس سے قبل آل انڈیا میڈیکل سائنس دہلی کے ڈاکٹروں نے شکایت کی تھی کہ ان سے مالکان مکانات خالی کرارہے ہیں کہ کہیں ہماری وجہ سے محلے میں کورونا وائرس نہ پھیل جائے ۔ایمس کے ڈاکٹروں کی شکایت اور ڈاکٹروں کی تنظیم کے ذریعہ تشویش کا اظہار کئے جانے پر دہلی پولس نے حرکت میں آگئی اور ایسے لوگوں کے خلاف کارروائی شروع ہوئی۔