ڈاکٹرس کی لاپرواہی پر دو افراد بشمول لڑکی فوت

   

حیدرآباد ۔ 15 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی کے سبب دو افراد بشمول ایک لڑکی فوت ہوگئی ۔ یہ دو علحدہ واقعات کیسرا اور باچو پلی پولیس حدود میں پیش آئے ۔ کیسرا پولیس کے مطابق 18 سالہ نوناوت ونیلا جو بھاسکر نائیک کی بیٹی تھی ۔ ایسٹ گاندھی نگر علاقہ کی ساکن بتائی گئی ہے ۔ لڑکی 10 ویں جماعت میں زیر تعلیم تھی ۔ اس لڑکی کی صحت اچانک خراب ہونے کے سبب مقامی ترینینی ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹر ایلزبیتھ نے اس کا علاج کیا ۔ لڑکی کی حالت مستحکم ہونے کے بعد اچانک بگڑ گئی جس کو فوری طور پر دوسرے خانگی ہاسپٹل منتقل کیا گیا ۔ جہاں علاج کے دوران لڑکی فوت ہوگئی ۔ لڑکی کے رشتہ داروں نے ڈاکٹر ایلزبیتھ پر مبینہ لاپرواہی اور درست علاج نہ کرنے کا الزام لگایا ۔ باچو پلی پولیس حدود میں پیش آئے واقعہ میں 32 سالہ شخص انجنیلو مشتبہ طور پر فوت ہوگیا ۔ میاں پور علاقہ کا ساکن شخص انجنیلو گردے کا عارضہ کا شکار تھا ۔ شدید تکلیف کے سبب باجو پلی علاقہ میں واقع ممتا ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی سرجری انجام دی ۔ سرجری کے بعد اس شخص کے جسم میں انفیکشن پھیل گیا ۔ جس کے سبب دوبارہ سرجری انجام دی گئی اور ہاسپٹل کے آئی سی یو وارڈ میں رکھا گیا جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگیا ۔ پولیس میں اس شخص کے رشتہ داروں نے لاپرواہی کی شکایت درج کروائی باجو پلی پولیس نے مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے ۔۔ ع