ڈاکٹروں نے نواز شریف کو طویل سفر سے منع کر دیا

   

لندن : سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کو ڈاکٹروں نے لمبے سفر کے لئے منع کر دیا۔ قریبی ذرائع کے مطابق میاں نواز شریف رمضان کے آخری دنوں میں سعودی عرب عمرے پر جانا چاہتے تھے کیونکہ انکے بھائی وزیراعظم شہباز شریف اور بیٹی مریم نواز اور فیملی کے دوسرے افراد اسی ہفتے سعودی عرب عمرہ کے لئے جا رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن انٹرنیشنل افئیرز کے چیف کوآرڈینیٹر اور برطانیہ کے ممتاز قانون دان بیرسٹر امجد ملک نے میاں نواز شریف سے خصوصی ملاقات کی۔ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ سابق وزیر عابد شیر علی‘ زبیر گل‘ غلام دستگیر‘ بینی وڈیری‘ انس چودھری اور عمر شریف بھی شامل تھے۔ بیرسٹر امجد ملک نے کہا نواز شریف کے ساتھ خوشگوار ملاقات ہوئی۔ وہ آج بھی پاکستان/ پاکستانی عوام کیلئے فکرمند ہیں۔ انکی خواہش ہے کہ مسلم لیگ ن کی حکومت عوام کو ریلیف دے۔