ڈاکٹر منموہن سنگھ ایمس سے ڈسچارج

,

   

نئی دہلی ۔12 مئی ( سیاست ڈاٹ کام) سابق وزیراعظم منموہن سنگھ جنہیں نئی دوا استعمال کرنے پر ری ایکشن سے دوچار ہونے کے بعد یہاں ایمس میں داخل کرایا گیا تھا ، منگل کو انہیں ڈسچارج کردیا گیا ۔ 87سالہ کانگریس لیڈر تقریباً 12:30بجے دوپہر ڈسچارج کیا گیا ۔ ہاسپٹل کے ذرائع نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ کو پیر کی رات کارڈیو۔ نیورو ٹاور کے پرائیوٹ وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا ، ان کی کووڈ ۔19 کی جانچ بھی کی گئی اور نتیجہ منفی ثابت ہوا ۔ کانگریس لیڈر بے چینی کی شکایت پر اتوار کی شام دواخانہ سے رجوع کئے گئے تھے ۔ ذرائع نے کہا کہ ڈاکٹر سنگھ نئی ادویات موافق نہ آنے کے سبب چند مسائل سے دوچار ہوئے اور اس لئے انہیں نگہداشت اور جانچ کیلئے ایمس میں داخل کرایا گیا تھا ۔ ڈاکٹر سنگھ موجودہ طور پر راجستھان سے رکن راجیہ سبھا ہے ۔ وہ 2004 اور 2014ء کے درمیان وزیراعظم تھے ۔ 2009ء میں ڈاکٹر سنگھ کی ایمس میں کامیاب بائی پاس سرجری ہوئی تھی ۔