ڈاکٹر کفیل خان کے خلاف این ایس اے تین ماہ بڑھا دیا گیا

   

علی گڑھ: گورکھپور سے تعلق رکھنے والے معطل شدہ ڈاکٹر کفیل خان کے خلاف عائد قومی سلامتی ایکٹ (این ایس اے) میں تین ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

ڈاکٹر کفیل خان پر سی اے اے مخالف مظاہروں کے دوران علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں اشتعال انگیز تقریریں کرنے کے الزام میں گرفتاری کے بعد 13 فروری کو این ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

اس وقت وہ متھرا جیل میں بند ہے۔

علی گڑھ کے ضلعی مجسٹریٹ چندر بھوشن سنگھ نے منگل کے روز کہا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر کفیل خان پر این ایس اے میں تین ماہ کی توسیع کردی گئی ہے۔

کفیل خان اب 13 اگست تک این ایس اے کے تحت رہیں گے۔

ڈاکٹر کفیل خان اگست 2017 میں پہلی بار سرخیوں میں آئے جب ان پر بی آر ڈی میڈیکل کالج میں آکسیجن کی فراہمی میں خلل کی وجہ سے 60 سے زیادہ بچوں کی موت کا الزام لگایا گیا تھا۔

خان کو معطل کر کے جیل بھیج دیا گیا تھا اگرچہ بعد میں انہیں محکمانہ تحقیقات میں الزامات سے بری کردیا گیا تھا۔ تاہم ان کی معطلی کو منسوخ نہیں کیا گیا تھا۔