ڈاکٹر کیشو راؤ کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات

   

کانگریس پارٹی میں آج دختر کے ساتھ شمولیت
راجیہ سبھا کی رکنیت سے بھی مستعفی ہونے کا فیصلہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی آر ایس کے رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے آج چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کی قیام گاہ پہونچکر ان سے اور تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپا داس منشی سے ملاقات کی ۔ 30 مارچ کو اپنی دختر مئیر حیدرآباد جی وجئے لکشمی کے ساتھ کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کا اعلان کیا اور راجیہ سبھا کی رکنیت سے بھی مستعفی ہوجانے کا فیصلہ کیا ۔ گذشتہ ایک ہفتہ سے کانگریس سے رابطہ میں رہنے والے کیشو راؤ نے کل بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی تبدیلی کرنے کے فیصلے سے واقف کرایا اور آج چیف منسٹر کی قیام گاہ پہونچکر ان سے ملاقات کی اور مختلف سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا ۔ پہلے یہ بتایا جارہا تھا کہ ہفتہ کو صرف مئیر حیدرآباد کانگریس میں شامل ہوں گی مگر آج اپنی قیام گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیشو راؤ نے کہا کہ وہ بھی 30 مارچ کو کانگریس میں شامل ہورہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ان کا اپنا ذاتی گھر ہے ۔ 13 سال تیرتھ یاترا جانے کے بعد وہ اپنے گھر واپس لوٹ رہے ہیں ۔ انہوں نے اپنی زندگی کے 55 سال کانگریس میں گذار دئیے کانگریس پارٹی نے انہیں وزیر ، پردیش کانگریس کا صدر ، رکن راجیہ سبھا اور سی ڈبلیو سی کا رکن بنانے کے علاوہ اہم عہدوں پر فائز کیا ہے ۔ تلنگانہ کی خاطر وہ بی آر ایس میں شامل ہوئے تھے ۔ کانگریس پارٹی نے ہی علحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دیا ہے ۔ وہ پہلی مرتبہ کانگریس کے دوسرے ترجیحی ووٹ سے راجیہ سبھا کے لیے منتخب ہوئے تھے ۔ وہ کانگریس پارٹی میں پیدا ہوئے بڑے ہوئے اور آخری سانس بھی کانگریس پارٹی میں لینا چاہتے ہیں ۔ کانگریس پارٹی کے ارکان پارلیمنٹ کے ساتھ انہوں نے تلنگانہ کی تحریک میں حصہ لیا ہے ۔ وہ کانگریس میں شامل ہونے کے بعد راجیہ سبھا کی رکنیت سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ کانگریس پارٹی انہیں دوبارہ راجیہ سبھا کا امیدوار بنائے تو اس کو بھی وہ قبول کریں گے ۔ بی آر ایس پارٹی میں پارٹی کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر نے ان کی تجاویز کا ہمیشہ احترام کیا ہے ۔ اس لیے وہ پارٹی تبدیل کرنے سے قبل انہیں اپنے فیصلے سے واقف کراچکے ہیں ۔ اگر ان کے فیصلے سے کسی کو تکلیف پہونچی ہے تو وہ ان سے معذرت خواہی کرتے ہیں ۔۔ 2