جنیوا : عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے افریقہ میں ایم پاکس (سابقہ منکی پاکس) کے بڑھتے کیسز کے باعث اس بیماری کو عالمی ہیلتھ ایمرجنسی قرار دے دیا۔ اے یف پی کے مطابق عالمی ادارہ صحت نے بیماری کے پھیلاؤ کے مطالعے اور اس حوالے سے ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم کو سفارشات پیش کرنے کے لیے ماہرین کی میٹنگ بلائی تھی۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ ٹیڈروس ادھانوم نے گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ماہرین کی ایمرجنسی کمیٹی کا اجلاس ہوا اور انہوں نے کہا کہ صورتحال عالمی ہیلتھ ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے کا متقاضی ہے۔ میں نے کمیٹی کا مشورہ مان لیا ہے۔یہ ایسی صورتحال ہے جس سے ہم سب کو تشویش ہونی چاہیے۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ ’عالمی ادارہ صحت آنے والے دونوں اور ہفتوں کے دوران اس صورتحال سے نبرد آزما ہونے کے لیے عالمی جواب کو منظم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ہم متاثرہ ممالک کے ساتھ کام کرتے ہیں اور اس بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے اور زندگیاں بچانے کی کوشش کر رہے ہیں۔عالمی ادارہ صحت کا فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب اس سے قبل افریقن یونین کے صحت کے نگران ادارے نے منکی پاکس کے پھیلاؤ کے باعث براعظم افریقہ میں ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا۔