’سیاست‘ کی خبر کا اثر…
آرمور۔ 13؍ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)۔ آرمور شہر میں برسوں سے زیرِ تعمیر ڈبل بیڈروم مکانات میں بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی سے متعلق روزنامہ سیاست میں شائع شدہ خبر کا اثر سامنے آیا ہے۔ خبر کی اشاعت کے بعد عہدیداروں نے ڈبل بیڈروم مکانات کے کاموں کا خصوصی طور پر جائزہ لیتے ہوئے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کی ہے۔سب کلکٹر آرمور ابھگیان مالویہ نے میونسپل کمشنر آرمور تحصیلدار آرمور اور دیگر متعلقہ عہدیداروں کے ہمراہ آرمور میں زیرِ تعمیر ڈبل بیڈروم مکانات کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مکانات کے تعمیراتی کام، سڑک، پانی، ڈرینج، برقی سہولت اور دیگر بنیادی ضروریات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ سیاست نے 8 ستمبر کو ’’آرمور کے غریبوں کو ڈبل بیڈروم مکانات کا انتظار کب ختم ہوگا؟‘‘ کے عنوان سے تفصیلی خبر شائع کی تھی، جس میں ہزاروں مستحقین کی طویل انتظار کی صورتحال کے ساتھ ساتھ زیرِ تعمیر مکانات میں بنیادی سہولتوں کی عدم دستیابی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ اس خبر کے بعد سب کلکٹر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ ڈبل بیڈروم مکانات میں تمام ضروری بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات فوری طور پر کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ مکانات کو مستحقین کے حوالے کرنے سے قبل ضروری سہولتوں کی تکمیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ غریب خاندانوں کو مکانات ملنے کے بعد بنیادی ضروریات کے لیے مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔