رہنما خطوط کی جلد اجرائی ۔ درمیانی افراد کا کوئی رول نہیں۔ مئیر حیدرآباد بی رام موہن کا بیان
حیدرآباد : میئر حیدرآباد بی رام موہن نے کہاکہ لاٹری سسٹم کے تحت ڈبل بیڈ روم مکانات کے استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائیگا۔ پرانے شہر کے عوام کو ابراہیم پٹنم میں مکانات مختص کئے جائیں گے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے جی ایچ ایم سی کی انتخابی مہم کا عملاً آغاز کردیا گیا ہے۔ شہر میں ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ہدایت دی ہے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے 108 بلدی حلقوں پر کامیابی کا نشانہ مختص کرکے 6 ماہ قبل سے کام کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 2016 ء میں سکندرآباد اسمبلی حلقہ میں تعمیر کردہ 350 ڈبل بیڈ روم مکانات کو انتخابی موضوع بناتے ہوئے ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی تھی۔ آئندہ سال ہونے والے مجوزہ بلدی انتخابات سے قبل بھی ڈبل بیڈ روم مکانات کی تقسیم کا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔ میئر رام موہن نے بتایا کہ گریٹر حیدرآباد حدود میں غریب عوام کو ڈبل بیڈ روم مکانات مختص کرنے جلد رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ دو یا تین اسمبلی حلقوں پر مشتمل ایک کلسٹر قائم کیا جائے گا۔ عوام کو انہیں کے علاقوں میں مکانات تقسیم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ استفادہ کنندگان کا انتخاب مقامی تحصیلدار کی موجودگی میں لاٹری سسٹم کے تحت ہوگا۔ اپل، سکندرآباد اور ملکاجگری اسمبلی حلقوں کو ایک کلسٹر میں تبدیل کرکے اُپل کے قریب مکانات مختص کئے جائیں گے۔ اسمبلی حلقہ جات راجندر نگر اور شیر لنگم پلی کے عوام کو کلور میں مکانات مختص کئے جائیں گے۔ پرانے شہر کے عوام کو ابراہیم پٹنم میں مکانات مختص کئے جائیں گے۔ اس طرح گریٹر حیدرآباد کے جملہ 24 اسمبلی حلقوں کو 7 تا 8 کلسٹرس میں تقسیم کیا جائے گا۔ میئر نے کہاکہ عوام مقامی تحصیلداروں کے پاس ڈبل بیڈ روم مکانات کیلئے درخواستیں داخل کرسکتے ہیں۔ مکانات کی تقسیم سے متعلق رہنماخطوط تیار ہورہے ہیں اس کی تکمیل کے بعد تمام تفصیلات سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ مکانات کی تقسیم کی تاریخ کا حکومت جلد اعلان کریگی۔ میئر نے ڈبل بیڈ روم مکانات کے معاملے میں درمیانی افراد سے چوکس رہنے اور ان کے جھانسے میں نہ آنے کا مشورہ دیا۔ مکانات کی تقسیم شفاف انداز میں ہوگی۔ اہل افراد کی فہرست تیار کرکے لاٹری سسٹم کے ذریعہ استفادہ کنندگان کا انتخاب کیا جائے گا۔