ڈسکو میوزک چمپئن بپی لہری کا دیہانت

   

ممبئی : موسیقار اور گلوکار بپّی لہری کا ایک ماہ طویل علالت کے بعد آج صبح ممبئی کے ایک اسپتال میں دیہانت ہوگیا۔ وہ 69 برس کے تھے۔ بپی لہری کوچلتے چلتے، ڈسکو ڈانسر اور شرابی جیسی 1970 اور 1980 ء کی دہائی کی بہت سی فلموں میں مقبول عام گیتوں کے حوالے سے جانا جاتا ہے۔بپی لہری کو بالی ووڈ کا راک اسٹار کہا جاتا تھا اور انہوں نے فلم انڈسٹری کو کئی نامور گانے فراہم کیے۔انہوں نے اپنا آخری گانا ’بھنکاس‘ 2020 کی فلم ’باغی تھری‘ کے لیے تیار کیا تھا۔بپی لہری نے چند دن قبل لتامنگیشکرکے دیہانت پرلتاکے ساتھ اپنے بچپن کی تصویرشیئرکی تھی۔صدر جمہوریہ رامناتھ کووند ، نائب صدر وینکیا نائیڈو ، وزیراعظم نریندر مودی ، کانگریس لیڈر راہول گاندھی و دیگر کئی سیاسی قائدین اور کھلاڑیوں نے اظہار تعزیت کیا جبکہ بالی ووڈ غمگین ہے ۔

اجیت پوارکا بپی لہری کی موت پراظہار افسوس
ممبئی: مہاراشٹر کے نائب وزیر اعلی اجیت پوار نے چہارشنبہ کے روز معروف موسیقار اور گلوکار بپی لہری کے انتقال پررنج وغم کا اظہار کیا۔ مسٹر پوار نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ مداحوں کے دلوں پر راج کرنے والے مقبول موسیقار بپی لہری کے انتقال سے موسیقی کی دنیا کو بہت بڑا نقصان پہنچا ہے ۔ بپی دا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مسٹرپوار نے کہا کہ ہندوستانی فلم اور موسیقی سے محبت کرنے والے انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ کلاسیکی موسیقی کوخاندانی وراثت میں پانے والے بپی لہری کی پوری زندگی موسیقی کے لئے وقف رہی ۔ بپی دا کا نیا قدم، واردات، ڈسکو ڈانسر، نمک حلال، ماسٹر جی، ہمت والا، جسٹس چودھری، تحفہ، مقصد، سیلاب اور ڈرٹی پکچر جیسی فلموں کی کامیابی میں اہم کرداررہا ہے ۔ فلم منو کا منا میں اُن کا گایا ہوا گیت ’’تمہارا پیار چاہئے مجھے جینے کیلئے ‘‘ بیحد مقبول ہوا تھا۔ مسٹرلہری کے گائے ہوئے نغموں اور ان کی موسیقی نے نوجوان نسل کو ابدی خوشی دی ہے ۔ ان کی موسیقی ہندوستانی فلمی دنیا کے لئے انمول اثاثہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ان کی موت ہندوستانی فلم اور میوزک انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے ۔