واشنگٹن : امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے ڈونالڈ ٹرمپ کی جیل میں لی گئی تصویر پر ردعمل دیا ہے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست کیلیفورنیا میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر جوبائیڈن نے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی تصویر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے مسکراتے ہوئے کہا کہ خوبصورت آدمی۔ واضح رہے کہ رواں ہفتہ امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی 2020 کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کے کیس میں باقاعدہ گرفتاری و رہائی ہوئی تھی۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق ٹرمپ نے الیکشن مداخلت کیس میں خود کو فْلٹن کاونٹی جیل میں پیش کیا تھا جہاں امریکی تاریخ میں پہلی بار سابق صدر کی قیدیوں والی تصویر بنائی گئی جو بعد میں جاری کردی گئی تھی۔
ڈونالڈ ٹرمپ جیل جانے والے پہلے امریکی صدر
واشنگٹن : امریکہ کے سابق صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو گرفتار کرکے جارجیا کی ایک جیل میں رکھا گیا لیکن دو گھنٹے بعد انہیں دو لاکھ ڈالر کے مچلکے پر رہا کر دیا گیا۔ ٹرمپ نے اسے امریکہ کے لیے انتہائی شرمناک دن قرار دیا۔ سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو 2020 کے صدارتی انتخابات کے دوران جارجیا ریاست کے نتائج پلٹنے کی سازش کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔ جارجیا کی ایک جیل میں مگ شاٹ (بطور مجرم تصاویر) لینے کے بعد دو لاکھ ڈالر بطور مچلکہ جمع کرانے کے بعد انہیں رہا کر دیا گیا۔ امریکہ کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب کسی سابق صدر کی جیل میں مجرموں کی طرح تصاویر اتاری گئی۔ فلٹن کاونٹی جیل کی طرف سے جاری تفصیلات کے مطابق انہیں قیدی نمبر پی او 1135809 نمبر دیا گیا۔ ان کی جسمانی جانچ بھی کی گئی اور جیل ریکارڈ میں ان کا قد چھ فٹ تین انچ، وزن 97 کلوگرام اور بالوں کا رنگ ’سنہرا یا اسٹرا بیری‘ سے ملتا جلتا درج کیا گیا۔ جیل سے رہا کیے جانے کے فوراً بعد ٹرمپ ایئر پورٹ پہنچے جہاں سے وہ نیوجرسی کے لیے روانہ ہو گئے۔