ڈو پلیسس بنے جنوبی افریقہ کے کرکٹر آف دی ایئر

   

پریٹوریا۔4 اگست (سیاست ڈاٹ کام) مرد کرکٹ ٹیم کے کپتان فاف ڈو پلیسس اور خاتون ٹیم کی کپتان ڈین وان نکرک کو ان کے زمروں میں جنوبی افریقہ کا سال کا بہترین کرکٹر منتخب کیا گیا ہے ۔کرکٹ جنوبی افریقہ (سی ایس اے ) نے یہاں منعقد تقریب میں دونوں کھلاڑیوں کو نوازا۔ ڈو پلیسس یہ ایوارڈ جیتنے والے 11 ویں کھلاڑی بنے ہیں اور ایلیٹ فہرست میں شامل ہوگئے ہیں ان سے پہلے سابق کپتان گریم ا سمتھ اور اے بی ڈی ولیرس، آل راؤنڈر شان پولاک اور جیکس کیلس اور فاسٹ بولر مکھایا اینتنی اور ڈیل اسٹین شامل ہیں۔پلیسس کو اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹر آف دی ایئر اور جنوبی افریقہ پلیئر آف دی ایئر کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا ہے ۔ وکٹ کیپر بلے باز کوئنٹن ڈی کاک کو ٹیسٹ پلیئر آف دی ایئر اور مڈل آرڈر کے بلے باز ڈیوڈ ملر کو ٹوئنٹی 20 بین الاقوامی کرکٹر آف دی ایئر کے ایوارڈ سے نوازا گیا ہے ۔کیگسو ربادا کو شائقین کی جانب سے جنوبی افریقہ کا فینس پلیئر آف دی ایئر منتخب کیا گیا۔ گزشتہ سال اکتوبر میں بین الاقوامی ڈیبو کرنے والے روسی وین ڈیر ڈسین کو انٹرنیشنل نیوکمر آف دی ایئر ایوارڈ دیا گیا۔ انہوں نے ڈیبو کے بعد سے ون ڈے میں 73.77 اور ٹوئنٹی 20 میں 36.14 کے اوسط سے رن بنائے ہیں۔سی ایس اے نے ورنون فلینڈر کو گھریلو سیریز کے آخری ٹیسٹ میں پاکستان کے اظہر علی کو شاندار آؤٹ کرنے کیلئے سی ایس اے کی ڈلیوری آف دی ایئر کا ایوارڈ دیا۔ وہیں جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ میں سب سے زیادہ 439 ٹیسٹ وکٹ لینے والے ڈیل اسٹین کوا سٹریٹوائس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ وہ آل ٹائم لسٹ میں آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔