ڈھائی سال میں گہلوت حکومت نے ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا :دیونانی

   

اجمیر ۔ راجستھان میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے اجمیر کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر تعلیم واسودیو دیونانی نے ریاستی حکومت کو اندھیری نگری چوپٹ راجہ قرار دینے ہوئے کہا ہے کہ گزشتہ ڈھائی برسوں میں عوام سے کئے گیا ایک بھی وعدہ پورا نہیں کیا ۔ دیونانی نے ایک ٹویٹ کے ذریعے گہلوت حکومت پر الزام عائد کیا کہ ریاست میں کانگریس حکومت اپنے ڈھائی سالہ دور حکومت میں مکمل طور پر ناکام اور غیر فعال رہی ہے ۔ وزیراعلیٰ خود دو سال سے گھر سے باہر نہیں نکلے اور کانگریس کے رکن اسمبلی اور کارکن خود اپنے وزیروں پر کام نہ کرنے کا الزام لگا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کی پہلی اور دوسری لہر کے باوجود خود کے زمین پر اترنے کا دعویٰ کھوکھلا ہے ۔ وزیر اعلیٰ 64 فیصد اعلانات کو پورے کرنے کی بات کر رہے ہیں اور کانگریس کے ریاستی صدر اور وزیر تعلیم گووند سنگھ ڈوٹاسرا 52 فیصد وعدے پورے کرنے کی بات کر رہے ہیں ، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں ہوئے ہیں ۔ ایسے دعوے کرنے والوں کو شرم آنی چاہئے ۔