ڈھاکہ میں ترکی کا اے ٹی ایم ہیکر گرفتار

   

اگرتلہ: تریپورہ کی راجدھانی اگرتلہ کے گورنمنٹ میڈیکل کالج سے فرار ہونے کے چھ ماہ بعد ڈھاکہ میٹروپولیٹن پولس کی انسداد دہشت گردی اور بین الاقوامی جرائم یونٹ نے ترک شہری حاقان زمبرکان (54) کو ایک دوسرے بین الاقوامی اے ٹی ایم کارڈ کلوننگ اسکینڈل سنڈیکیٹ کے ساتھ گرفتارکر لیا۔پولیس نے جمعرات کے روز یہ اطلاع دی۔ پولیس کے مطابق حاقان کو منگل کے روز ڈھاکہ سے گرفتار کیا گیا۔ حاقان گزشتہ سال 9 جولائی کو اگرتلہ کے ایک اسپتال میں صحت کی جانچ کے دوران سکیورٹی کی لاپرواہی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بیت الخلا کی کھڑکی سے فرار ہوگیا تھا۔ اس کے لیے تعینات سکیورٹی اہلکاروں کو تقریباً آدھے گھنٹے بعد اسپتال سے اس کے فرار ہونے کا علم ہوا۔حاقان ان چار غیر ملکی شہریوں میں سے ایک تھا جنہیں نومبر 2019 میں وسطی کولکاتہ کے بیلگھریا سے گرفتار کیا گیا تھا۔ انہیں تریپورہ میں ایس بی آئی کے تقریباً 60 صارفین کے اے ٹی ایم کارڈز کی کلوننگ سمیت چند ہندوستانی بینک کھاتوں کی ہیکنگ کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا تھا۔