ڈھاکہ کے کیمیائی گوداموں میں آتشزدگی،81ہلاک

,

   

۔50سے زائدزخمی ، گیس سیلنڈر سے آتشزدگی کا شبہ ، وزیراعظم شیخ حسینہ کا اظہار دکھ

ڈھاکہ ۔21فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) بنگلہ کے دارالحکومت ڈھاکہ کے تاریخی حصہ میں اپارٹمنٹ کی عمارتوں اور کیمیائی گوداموں میں تیزی سے پھیلتی آگ نے کم از کم 81 افراد کی جان لے لی اور زائد از 50دیگر زخمی ہوگئے ۔ اس ملک میں ہلاکت خیز آتشزدگی کا یہ تازہ واقعہ ہے ۔ عہدیداروں نے کہا کہ قدیم ڈھاکہ کے تنگ علاقہ چوک بازار میں چہارشنبہ کی رات ایک مسجد کے عقب میں واقع حاجی واحد منشن نامی پانچ منزلہ عمارت کے دوسرے فلور پر موجود کیمیائی گوداموں میں آگ بھڑک اٹھی اور شعلے تیزی سے پھیلتے گئے اور دیگر قریبی چار عمارتوں کو لپیٹ میںلے لیا جن میں ایک کمیونٹی سنٹر شامل ہے ، جہاں شادی کی تقریب جاری تھی ۔ ڈھاکہ میٹرو پولیٹن پولیس کے عہدیداروں نے بتایا کہ اس علاقہ میں قائم کئی کیمیائی گوداموں کے سبب آگ تیزی سے پھیلتی گئی ۔ زبردست آتشزدگی میںمہلوکین کی تعداد تیزی بڑھ کر 81ہوگئی اور آتش فرو عملے کے عہدیداروں نے متنبہ کیا ہے کہ یہ تعداد مزید بڑھ سکتی ہے ، کیونکہ متاثرہ عمارتوں میں درجنوں افراد پھنسے ہوئے ہیں اور آتش فرو عملہ ہنوز وہاں داخل نہیں ہوپایاہے جہاں سے آگ شروع ہوئی تھی ۔ ایک پولیس عہدیدار نے مقام واقعہ پر کہا کہ زیادہ تر نعشیں برآمد کرلی گئی ہیں اور اب اصل عمارت میں داخلے کی کوشش ہورہی ہے جہاں مزید نعشیں ہوسکتی ہیں ۔ بنگلہ دیش کی فائر سرویس کے سربراہ علی احمد نے کہا کہ آتشزدگی ہوسکتا ہے گیس سیلنڈر کی وجہ سے شروع ہوئی اور تیزی سے بلڈنگ میں پھیل گئی جہاں کیمیائی مادے رکھے گئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ شعلوں نے آس پاس کی چار عمارتوں کو لپیٹ میںلیا اور وہاں بھی کیمیائی مادے رکھے جاتے ہیں۔ آتشزدگی کے وقت ٹریفک جام ہوگیا کیونکہ آگ اس قدر تیزی سے پھیل گئی کہ لوگ وہاں سے جلدی نکل نہیں سکے ۔ ٹی وی پر تصاویر میں دکھایا گیا کہ اُن عمارتوں میں سے ایک کا باب الداخلہ مقفل ہے جس کے نتیجہ میں وہاں کے مکین پھنس گئے اور وہاں سے فرار ہونے سے قاصر رہے جب کہ آگ اس کی پانچ منزلوں کو لپیٹ میں لیتی گئی ۔ عینی شاہدین نے کہا کہ متاثرین میں راہرو بھی شامل ہیں جن میں بعض لوگ وہ ہیں جو قریبی رسٹورنٹ میں کھانا کھارہے تھے اور بعض افراد شادی کی تقریب کے شرکاء ہیں ۔ وزیراعظم شیخ حسینہ نے اس سانحہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین سے اظہار تعزیت کیا ہے ۔ آگ پر قابو پایا گیا لیکن وہ ابھی پوری طرح بجھی نہیں ہے کیونکہ وہاں آتش گیر کیمیائی مادے ہیںجو کئی فلورس پر رکھے ہوئے ہیں ۔