ڈیجیٹل ٹکنالوجی کا استعمال ، اردو یونیورسٹی اور اٹلی کے ادارہ میں یادداشت مفاہمت

   

حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی مرکز برائے تدریسی ذرائع ابلاغ نے عالمی سطح پر ڈیجیٹل کمیونیکیشن اور آڈیو ویژول ٹکنالوجی کے فوائد سے استفادہ کیلئے باوقار بین الاقوامی ادارہ آبزرویٹری فار کلچرل اینڈ آڈیو ویژول اینڈ کمیونیکیشن (OCCAM) اٹلی سے یادداشت مفاہمت پر دستخط کئے ہیں۔ بیرونی رسائی کا یہ ایک اہم پروگرام ہے جس کا مقصد پسماندہ طبقات کی مددکیلئے تعلیم کے میدان میں ڈیجیٹل ٹکنالوجی کا استعمال ہے۔ اٹلی کے ادارہ کا اقوام متحدہ کے عالمی ترسیلی مرکز سے الحاق ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے آئی ایم سی کی کاوشوں کی ستائش کی اور کہا کہ ہم انسانی ترقی کیلئے پُرعزم ہیں۔ اردو یونیورسٹی میں مختلف زبانوں کے نئے کورسیس کے آغاز کا منصوبہ ہے۔ اٹلی کے ادارہ کے صدر پریاولوسپورٹو نے کہا کہ یادداشت مفاہمت اقوام متحدہ کے 2030 ایجنڈہ کے حصول کی سمت ایک پیشرفت ہے۔ انہوں نے بہتر ڈیجیٹل سوسائٹی کی تشکیل کیلئے مشترکہ طور پر کام کرنے سے اتفاق کیا۔ یادداشت مفاہمت پر پروفیسر اشتیاق احمد رجسٹرار مانو اور اٹلی کے ادارہ کے صدر نے آن لائن دستخط کئے۔ر