ڈیجیٹل دور میں مزید ایک قدم آگے بڑھاتے ہوئے آر بی آئی نے ڈیجیٹل کرنسی کیلئے حالات سازگار بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ آر بی آئی یکم دسمبر کو اپنے ڈیجیٹل کرنسی کے پائلٹ پراجکٹشروع کرنے والا ہے۔ اس پائلٹ پروجیکٹ میں چنندہ لوکیشن پر کلوز یوزر گروپ (جس میں کسٹمر سے لے کر مرچنٹ شامل ہوں گے) بھی شروع کیا جائے گا۔ اس پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ای۔روپی ڈیجیٹل ٹوکن کی شکل میں کام کرے گا۔ یہ ڈیجیٹل کرنسی ٹھیک اسی طرح کام کرے گی جیسے کہ کرنسی نوٹ اور سکّے کام کرتے ہیں۔ اسے بینکوں کے ذریعہ تقسیم کیا جائے گا۔ایک ہندی نیوز پورٹل پر اس سلسلے میں تفصیلی جانکاری دی گئی ہے، جس میں آر بی آئی کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ یوزرس موبائل فون یا ڈیوائس میں اسٹور بینکوں کے ڈیجیٹل والٹ سے ڈیجیٹل روپی کے ذریعہ لین دین کر سکیں گے۔ یہ ٹرانزیکشن ’پرسن ٹو پرسن‘ یعنی دو اشخاص کے درمیان اور ’پرسن ٹو مرچنٹ‘ یعنی کسی شخص اور مرچنٹ کے درمیان کیا جا سکتا ہے۔ یہاں مرچنٹ سے مراد ہے کہ کسی دکاندار کو ادائیگی مرچنٹ کے لوکیشن پر ڈسپلے ہو رہے کیو آر کوڈ کے ذریعہ کی جا سکتی ہے۔ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق ایک اہم جانکاری یہ دی گئی ہے کہ نقد کی طرح ڈیجیٹل کرنسی پر کوئی سود نہیں ملے گا۔ آر بی آئی کا کہنا ہے کہ دوسری طرح کی کرنسی یعنی بینکوں کے پاس ڈپازٹس کی شکل میں اسے تبدیل کیا جاسکے گا۔