ڈیری پائیلٹ پراجکٹ کے ذریعہ قرضوں کی منظوری

   

بینک عہدیداروں کو ضلع کلکٹر سوریا پیٹ ٹی ونئے کرشنا ریڈی کی ہدایت

سوریاپیٹ:22/جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر سوریاپیٹ ٹی ونئے کرشنا ریڈی نے بینک عہدیداران کو ڈیری پائلٹ پروجیکٹ کے ذریعے درجے فہرست مستحقین میں قرضوں کی منظوری کو یقینی بنانے کا حکم دیا۔ ریاستی حکومت کے احکامات کے مطابق کلکٹریٹ سوریاپیٹ میں بینک عہدیداران کے ہمراہ اسمبلی حلقہ سوریاپیٹ میں ڈیری ڈویلپمنٹ پروگرام کے حصے کے طور پر پائلٹ پروجیکٹ سے متعلق اجلاس منعقد کیا گیا۔ اس اجلاس میں ضلع کلکٹر نے پائلٹ پروجیکٹ کی عمل آوری کرنے اور بینک عہدیداران کے بھر پور تعاون سے اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت کے مطابق نئی ڈیری اسکیم کے تحت پائلٹ پروجیکٹ کی شروعات سوریاپیٹ اسمبلی حلقہ سے کی جارہی ہے اور اس پائلٹ پروجیکٹ کے ذریعے 631 درجہ فہرست مستحقین میں اعانت کے طور پر 4مویشی تقسیم کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ اس اسکیم کے تحت مستفید افراد میں کل 4 لاکھ روپیے میں سے 2.6 لاکھ روپیے کی اعانت دی جائے گی۔ اس اسکیم کا مقصد سطح غریب کے نیچے کے مستحقین کی خوشحالی اور آمدنی کی سطح میں بہتری سے ہے ضلع کلکٹر سوریاپیٹ نے بینک عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ مستحقین کے لیے بینک اکاؤنٹ کھولیں اور مستحقین کے لیے قرضوں کی منظوری کریں۔ اس اجلاس میں ایس سی کارپوریشن آی ڈی سریشا، لینڈ بینک مینیجر جگدیش چندرا بوس، ضلع ویٹرنری آفیسر و جوائنٹ ڈائریکٹر وینو منوہر اور دیگر موجود تھے۔